395

قراقرم انٹر نیشنل یونیورسٹی اکیڈمک اسٹاف الیکشن ، ریفارمرز پینل نے میدان مار لیا

گلگت (پ ر) قراقرم انٹر نیشنل یونیورسٹی اکیڈمک اسٹاف کے مورخہ25اکتوبر کو ہونیوالے نتائج کا اعلان کردیا جس میں ریفارمرز پینل نے دو تہائی اکثریت سے کامیابی کے جھنڈے گاڑ دئیے۔ چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر صادق حسین نے ارکان الیکشن کمیشن کے ہمراہ نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی اور اکیڈمک سٹاف کے مسائل کے حل کیلئے نمائندہ فورم کا قیام ضروری تھا،اس مقصد کیلئے فیکلٹی نے مشاورت سے انتخابات کا فیصلہ کیا تھا تاکہ جمہوری انداز میں مسائل کا حل تلاش کیا جا سکے اور تمام امور کو مربوط اور مشاورت سے سر انجام دیا جا سکے۔

انہوں نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کل 174فیکلٹی ممبران نے ووٹ کا حق استعمال کیا جس میں سے 10ووٹ مختلف وجوہات کی بنیاد پر مسترد کئے گئے، جبکہ باقی164ووٹوں میں سے ریفارمرز پینل نے105کی واضح برتری سے انتکابات جیت لئے جبکہ پروگریسیو پینل نے 59ووٹ حاصل کئے۔

نتائج کے اعلان کے بعد ریفارمرز پینل کے نامزد صدر مجیب الرحمن نے پر امن اور شفاف انتخابات کے انعقاد پر الیکشن کمیشن کو خراج تحسین پیش کیا اور بھرپور اعتماد کا اظہار کرنے پر تمام فیکلٹی ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اکیڈمک سٹاف کے مسائل مشاورت سے حل کرنے کیلئے منظم کاوشیں بروئے کار لانے کا عندیہ ظاہر کیا۔

پروگریسیو پینل کے نامزد صدر سید نجم الحسن نے بھی کامیاب پینل کے امیدواروں کو مبارکباد دی اورفیکلٹی کے مسائل کے حل کیلئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں