227

مانچسٹر ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان کی انگلینڈ کیخلاف بیٹنگ

اولڈ ٹریفورڈ: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان مانچسٹر میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کا کھیل جاری ہے۔

کورونا وائرس کے سائے میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے پہلے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلی اور اب پاکستان کے خلاف سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ انگلینڈ کے شہر مانچسٹر میں واقع اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلا جارہا ہے۔ دوسرے دن پاکستان نے 2 وکٹ کے نقصان پر 139 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا۔

وکٹ پر موجود بابراعظم پہلے روز 69 رنز بناچکے تھے تاہم دوسرے روز جیمز اینڈرسن نے انہیں اپنی اننگز کا مزید آگے بڑھانے نہیں دیا اور پہلے ہی اوور میں پویلین واپس بھیج دیا جس کے بعد تجربہ کار بلے باز اسد شفیق بیٹنگ کے لیے آئے لیکن وہ صرف 7 رنز کے مہمان ہی ثابت ہوئے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور صرف 9 رنز بنانے کے بعد کرس ووکس کا شکار بنے۔

انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس نے 2، اسٹورٹ براڈ، جیمز اینڈرسن اور جوفرا آرچر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل میچ کا پہلا روز بارش سے متاثر رہا اور صرف 49 اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا جس میں پاکستان نے 2 وکٹ کے نقصان پر 139 رنز بنالیے تھے۔ اوپنر عابد علی صرف 16 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، انہیں جوفرا آرچر نے کلین بولڈ کیا جس کے بعد کپتان اظہر علی بیٹنگ کے لیے آئے، کرس ووکس نے انہیں کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس بھیج دیا۔

انگلش ٹیم کی قیادت جوئے روٹ کررہے ہیں جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں ڈوم سبلی، رورئے برنس، بین اسٹوک، اولے پوپ، جوز بٹلر، ڈومینک بیس، اسٹورٹ براڈ، کرس ووکس، جوفرا آرچر اور جیمز اینڈرسن شامل ہیں۔

بشکریہ ایکسپریس نیوز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں