گلگت (نمائندہ خصوصی) PCB Pilot Project – Inter-Schools Competition Gilgit-Baltistan کے تحت جاری انڈر 17 کرکٹ مقابلوں میں دی لرننگ اکیڈمی گلگت (شاہینز) نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسوہ پبلک اسکول گنش ہنزہ کو تیسرے راؤنڈ میں شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
میچ کے دوران دی لرننگ اکیڈمی کے کھلاڑیوں نے بہترین ٹیم ورک، نظم و ضبط اور عزم و حوصلے کا مظاہرہ کیا، جس پر اکیڈمی کی انتظامیہ، اساتذہ اور والدین نے ٹیم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
دی لرننگ اکیڈمی کے ترجمان کے مطابق، یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ اسکول نہ صرف نصابی سرگرمیوں بلکہ ہم نصابی اور کھیلوں کے میدانوں میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسکول دراصل صلاحیتوں کی نرسریاں ہیں، جہاں طلبہ اپنی پوشیدہ قابلیتوں کو دریافت کرتے ہیں اور کھیل کے میدان میں محنت، نظم و ضبط اور جذبے کے ساتھ انہیں نکھارتے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ مقابلے پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) کے Under-17 نیشنل کمپیٹیشن پائلٹ پراجیکٹ کا حصہ ہیں، جن کا مقصد نچلی سطح پر کرکٹ کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کی تلاش ہے۔
دی لرننگ اکیڈمی گلگت کی انتظامیہ نے امید ظاہر کی ہے کہ ان کے شاہین فائنل میں بھی بہترین کارکردگی دکھا کر گلگت بلتستان کا نام روشن کریں گے۔








