352

فیس بک نیوز ٹیب فیچر کی آزمائش

 سماجی رابطے کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک نے نیوز ٹیب فیچر آزمائشی طور پر متعارف کرادیا۔

تفصیلات کے مطابق رواں برس کے چوتھے مہینے میں فیس بک کے بانی نے اپنی کمپنی پر ہونے والی شدید تنقید کے بعد اعلان کیا تھا کہ سوشل میڈیا پر جعلی خبروں کی روک تھام پر ماہرین کام کررہے ہیں اور ہم جلد نیا سیکشن متعارف کرادیں گے۔

مالک کے اعلان کے بعد فیس بک نے رواں برس اگست میں نیوز ٹیب نامی فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا جس کا مقصد جھوٹی خبروں کو آگے بڑھنے سے روکنا اور ان کی حوصلہ شکنی کرنا تھا۔

سوشل میڈیا کی سب سے بڑی کمپنی نے فیچر کے حوالے سے کئی امریکی صحافیوں اور نشریاتی اداروں سے معاہدے بھی کیے جنہیں سالانہ لاکھوں ڈالر بھی ادا کیے جائیں گے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ فیس بک اور امریکا کے میڈیا ہاؤسز میں باقاعدہ معاہدہ طے ہوا جس کے تحت وہاں کے ملازمین ٹیب پر نظر رکھیں گے۔

دی ورج میں شائع ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فیس بک نے امریکا میں مخصوص موبائل صارفین کو نیوز ٹیب سیکشن تک رسائی دے دی اور اس نئے فیچر کو فیس بک نیوز کا نام دیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکا کے بڑے شہروں کے اینڈارائیڈ استعمال کرنے والے صارفین اس سروس کو آزمائشی طور پر استعمال کریں گے جس کے بعد اسے جلد ہی ملک بھر میں متعارف کرادیا جائے گا۔

فیس بک نیوز پر معروف امریکی اخبارات میں شائع ہونے والی خبریں، کالم، تجزیے، صحت، شوبز، کھیل، سائنس اور ثقافت سمیت دیگر خبریں بھی دی جارہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں