378

کرونا وائرس روک تھام، واٹس ایپ نے اہم سہولت متعارف کرادی

پیغام رسانی کی سب سے بڑی موبائل ایپ لیکیشن واٹس ایپ نے کرونا وائرس سے متعلق پھیلنے والی بے بنیاد معلومات کی حوصلہ شکنی کرنے کے لیے اہم اعلان کردیا۔

واٹس ایپ صارفین کی جانب سے کرونا وائرس کے حوالے سے ایک دوسرے کو غیر تصدیق شدہ معلومات اور احتیاطی تدابیر بذریعہ میسج ارسال کی جارہی تھیں جس کی وجہ سے پیغام موصول کرنے والا شخص بیشتر اوقات پریشان بھی ہوجاتا تھا۔

ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والے ماہرین کے مطابق واٹس ایپ پر چالیس فیصد سے زائد صارفین ایک دوسرے کو غیر تصدیق شدہ پیغامات ارسال کررہے تھے، جن میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ، ہلاکتیں، لاک ڈاؤن اور کرونا کی علامات و احتیاطی تدابیر کے حوالے سے آگاہ کیا جارہا تھا۔

فیس بک، انسٹاگرام کے بعد اب واٹس ایپ نے بھی اپنے پلیٹ فارم پر جعلی پیغامات ارسال کرنے والوں کی حوصلی شکنی کے لیے اہم اقدامات کرنے کا اعلان کردیا۔ کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)، یونیسیف، یو این ڈی پی کے اشتراک سے واٹس ایپ کرونا وائرس سے متعلق معلومات فراہم کرنے کا مرکز بن گیا جہاں صارفین کو مستند معلومات فراہم کی جائیں گی۔

مزید پڑھیں: واٹس ایپ کا ایک اور زبردست فیچر متعارف

اس ضمن میں واٹس ایپ نے ایک پورٹل متعارف کرایا جہاں صارفین کو کرونا وبا سے متعلق ہر قسم کی معلومات فراہم کی جائیں گی اور یہی معلومات صارف کو فیس بک ، انسٹاگرام پر بھی دستیاب ہوں گی۔
واٹس ایپ، ویب سائٹ

علاوہ ازیں واٹس ایپ نے جعلی معلومات اور بے بنیاد خبروں کو روکنے کے لیے انٹرنیشنل فیکٹ چیکنگ نیٹ ورک کے ماہرین کی خدمات حاصل کی ہیں، اس مقصد کے لیے واٹس ایپ نے دس لاکھ ڈالر کی رقم مختص کرنے کا اعلان کیا۔

کمپنی کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’ہم اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ ہمارے صارفین کرونا بحران کے حوالے سے پریشان ہیں اور وہ اپنے دوستوں، بہن بھائیوں کی وقتاً فوقتاً خیریت جاننا چاہتے ہیں، ڈاکٹر، مریض، طالب علم اور استاد ایک دوسرے سے رابطے رکھنے کے لیے واٹس ایپ استعمال کررہے ہیں‘۔

’ہم چاہتے ہیں کہ آسان اور سادہ طریقے سے صارفین کو مستند معلومات فراہم کریں، اس حوالے سے کمپنی نے اقدامات شروع کردیے تاکہ پلیٹ فارم کو افواہوں اور غیر تصدیق شدہ خبروں سے محفوظ رکھا جاسکے، واٹس ایپ جعلی پیغامات کی نہ صرف حوصلہ شکنی کرے گا بلکہ ہم ان کی تصدیق کے لیے بین الاقوامی اداروں سے رابطے بھی کریں گے تاکہ درست معلومات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے‘۔

واٹس ایپ معلوماتی مرکز کی سہولت کو کیسے استعمال کیا جاسکتا ہے؟

کرونا وائرس کے حوالے سے واٹس ایپ کی جانب سے بنائے جانے والے معلوماتی پورٹل کو صارف whatsapp.com/coronavirus پر جا کر استعمال کرسکتا ہے جہاں اُن کو مکمل رہنمائی فراہم کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں