340

رابیعہ شہزاد نے کوچ کے بغیر بھی ملک کا نام روشن کردیا

پاکستان کو ویٹ لفٹنگ میں اعزاز دلوانے والی رابعہ شہزاد نے ایک مرتبہ پھر ملک کا نام روشن کرتے ہوئے تمغہ اپنے نام کرلیا۔

برطانیہ کے شہر کارڈف میں ہونے والی ویلش اوپن ویٹ لفٹنگ چیمپیئن شپ کے دوران انہوں نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔

رابعہ شہزاد ماضی میں 55 کلوگرام وزن کی کیٹیگری میں مقابلہ کیا کرتی تھیں تاہم حال ہی میں انہوں نے اپنے وزن میں کمی کی اور اس ایونٹ میں 49 کلوگرام کی کیٹیگری میں پہلی مرتبہ حصہ لیا۔

اس حوالے سے خاتون ویٹ لفٹر نے بتایا کہ انہوں نے ویلش اوپن ویٹ لفٹنگ چیمپیئن شپ کے دوران پہلے اسنیچ میں 40 کلوگرام اور پھر کلین اینڈ جرک میں 55 کلوگرام وزن اٹھا کر سلور میڈل اپنے نام کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ اس ایونٹ سے قبل بخار میں مبتلا ہوگئیں تھیں جس کی وجہ سے ان تیاریاں متاثر ہوئیں، جبکہ بخار کی وجہ سے انہیں یہ خدشہ تھا کہ کہیں وہ اس مقابلے سے باہر نہ ہوجائیں۔

پاکستانی ویٹ لفٹر نے بتایا کہ ان کے ساتھ کوئی کوچ نہ تھا تاہم اس ایونٹ میں موجود ایک دوسری کھلاڑی کے کوچ نے ان کی مدد کی۔

یاد رہے کہ رابعہ شہزاد گزشتہ برس آسٹریلیا میں ہونے والی رالف کیش مین اوپن ویٹ لفٹنگ چیمپیئن شپ کی 55 کلوگرام کیٹیگری میں گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا نام روشن کر چکی ہیں۔

اس کے علاوہ وہ دبئی میں ہونے والی ایشین بینچ پریس چیمپیئن شپ میں بھی چاندی کا تمغہ اپنے نام کر چکی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں