1,316

کراچی میں 14 روٹس پر 200 ایئر کنڈیشن بسیں چلانے کی منظوری

کراچی میں شہری انتظامیہ نے 14 مختلف روٹس پر 200 ایئر کنڈیشنز بسیں چلانے کی منظوری دے دی۔

سندھ ٹرانسپورٹ کمپنی نے نجی بس کی سروس فراہم کرنے والی ایک بڑی کمپنی کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے، جس سے آئندہ کچھ ماہ میں صوبائی دارالحکومت کراچی میں ایک ہزار بسیں چلانے کا ارادہ ہے۔

اس حوالے سے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرنے والے کمشنر افتخار شلوانی نے ڈان کو بتایا کہ اس منصوبے کے پہلے مرحلے کے تحت آئندہ 2 ماہ میں شہر قائد کی سڑکوں پر بسز کا پہلا بیڑا نظر آئے گا۔

دوسری جانب سرکاری ذرائع کا کہنا تھا کہ اجلاس میں 200 نئی بسوں کے لیے 14 روٹس کی منظوری دی گئی اور آر ٹی اے کو ہدایت کی گئی کہ وہ تمام اسٹیٹ ہولڈرز سے مشاورت کے بعد روٹس کو حتمی شکل دیں۔

واضح رہے کہ وزیر ٹرانسپورٹ کے پیپلز بس سروس کے تحت ڈیوو پاکستان ایکسپریس بس سروس لمیٹڈ کے درمیان حال ہی میں ہونے والے معاہدے کے تحت کراچی کے مختلف روٹس پر 1000 بسیں چلائی جائیں گی۔

سی این جی پر چلنے والی نئی بسیں کراچی کے 40 روٹس پر رواں دواں ہوں گی اور ہر روٹ 15 کلو میٹر سے طویل نہیں ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں