250

کرونا وائرس سے بچاؤ کے حوالے آگاہی مہم چلائی جائے: وزیراعلیٰ گلگت بلتستان

حافظ حفیظ الرحمن کی زیر صدارت اہم اجلاس، مہلک بیماری سے بچاؤ کے سلسلے میں خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت

گلگت (رہبر نیوز)وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے محکمہ صحت کی سفارشات کی روشنی میں چائنہ بارڈر کھولنے کے حوالے سے وفاقی حکومت سے رابطہ کیا جائے گا۔ پاکستان کے ہمسایہ ممالک کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جس کی وجہ سے کورونا وائرس سے بچاؤ ایک چیلنج ہے۔ گلگت بلتستان کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ایمرجنسی کا نفاذ کیا گیا ہے اور محکمہ صحت کو درکار وسائل فراہم کئے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے گلگت بلتستان کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے صوبائی سیکریٹری صحت کو ہدایت کی ہے کہ محکمہ صحت کی جانب سے ہیلتھ ایڈوائزری جاری کی جائے تاکہ کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک کے سفر سے اجتناب کیا جاسکے۔ پاک چائنہ بارڈر کھولنے کے بارے میں فیصلہ محکمہ صحت کی سفارشات کو مدنظررکھتے ہوئے وفاقی حکومت سے رابطہ کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ کورونا وائرس سے صوبے کو محفوظ بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے گئے ہیں۔ محکمہ صحت کو درکار وسائل فراہم کئے جاچکے ہیں۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے صوبائی سیکریٹری داخلہ، صوبائی سیکریٹری صحت اور دیگر متعلقہ آفیسران کو ہدایت کی ہے کہ ایف آئی اے سے روزانہ کی بنیاد پر کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک کا سفر کرنے والوں کی لسٹیں حاصل کریں اور سفر کرنے والوں کی سرولینس ٹیموں کے ذریعے ٹیسٹ کرائے جائیں۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ صوبے میں 95 ماسک، کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے کٹ اور انسولیشن وارڈز میں وینٹی لیٹرز کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے محکمہ داخلہ، صحت، واٹر اینڈ پاور اور واٹر مینجمنٹ کے مابین کوآرڈینیشن کو مزید بہتر بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے تھرمل سکینرز سمیت ضروری آلات کی خریداری ہنگامی بنیادوں پر عمل میں لائی جائے۔ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔ صوبے میں انسولیشن وارڈز، سرولینس ٹیموں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور تمام اضلاع میں سرولینس ٹیموں کو فعال کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ کسی مشکوک کیس کی صورت میں مریض کو انسولیشن وارڈز میں منتقل کرکے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کرائے جائیں گے۔ صوبائی سیکریٹری داخلہ کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے جو کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے حوالے سے ہر تین دن بعد تمام ریجن سے رپورٹ طلب کریں۔ بلتستا ن ریجن پر خصوصی توجہ دیا جائے اور کمشنر بلتستان کی سربراہی میں کمیٹی بنائی جائے۔ سرولینس کمیٹیوں کو فعال کیا جائے اور کورونا وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے عوام میں آگاہی مہم چلائی جائے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کو صوبائی سیکریٹری داخلہ اور صوبائی سیکریٹری صحت کی جانب سے کوروناوائرس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں