166

ملازمتوں میں خصوصی افراد کے کوٹہ پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے، وزیر اعلیٰ

وبائی حکومت احساس پروگرام کے تحت تیار ڈیٹا کومدنظر رکھتے ہوئے خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کو یقینی بنائے گی
گلگت بلتستان میں تمام شعبوں میں بہتر پالیسیز کیلئے سونی جواری کے نام سے پالیسی بنانے کا ادارہ قائم کیا ہے، خالد خورشید خان
گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں سٹنٹنگ کا مسئلہ سنجیدہ ہے جس کو حل کرنے کیلئے صوبائی حکومت اقدامات کررہی ہے، وہیل چیئرز تقسیم کرنے کے حوالے سے تقریب سے خطاب


گلگت (رھبر نیوز)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے خصوصی افراد میں وہیل چیئرز کی تقسیم کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ کمزور اور مستحق طبقے کی مدد کرے۔ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ملک کا وزیر اعظم عمران خان جس کے دل میں معاشرے کے کمزور اور مستحق طبقے کا درد ہے۔ انہوں نے ہمیشہ معاشرے کے کمزور طبقے کا خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ پہلی مرتبہ کسی وزیر اعظم نے مستحق اور کمزور طبقے کی مدد کرنے کے عزم سے احساس پروگرام کا آغاز کیا۔ احساس پروگرام کے تحت گلگت بلتستان کا ڈیٹا تیار کیا جارہا ہے۔ صوبائی حکومت احساس پروگرام کے تحت تیار ڈیٹا کومدنظر رکھتے ہوئے خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کو یقینی بنائے گی خصوصی افراد کو باعزت زندگی گزارنے کے مواقع فراہم کرنے کیلئے خصوصی تربیت کا بندوبست کیا جائے گا اور روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ گلگت بلتستان میں تمام شعبوں میں بہتر پالیسیز کیلئے سونی جواری کے نام سے پالیسی بنانے کا ادارہ قائم کیا ہے جس کو سوشل پروٹیکشن پالیسی تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق مستحق اور کمزور طبقے کی بہتری کو یقینی بنائیں گے۔ سوشل رجسٹری کا قیام عمل میں لارہے ہیں جس کے تحت گلگت بلتستان کی آبادی کا مکمل ڈیٹا اکھٹا کیا جارہا ہے۔ اس ڈیٹا کومدنظر رکھتے ہوئے بہتری کیلئے نئے پالیسیز بنائیں گے۔ گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں سٹنٹنگ کا مسئلہ سنجیدہ ہے جس کو حل کرنے کیلئے صوبائی حکومت اقدامات کررہی ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں میں خصوصی افراد کا کوٹہ ہر صورت یقینی بنائیں گے۔ ماضی میں سوشل ویلفیئر کا محکمہ کونظر انداز کیا گیا۔ ہماری حکومت نے اس اہم محکمے پر توجہ دی ہے جس کے تحت فلاح و بہبود کے اقدامات کئے جاسکے۔ گلگت بلتستان میں خصوصی افراد کا مکمل ڈیٹا جمع کیا جارہاہے جس کے بعد خصوصی افراد کو ملنے والا دو ہزار کے وظیفے میں اضافہ کرکے پانچ ہزار کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کی خصوصی افراد کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر فلاحی ادارے کو خراج تحسین پیش کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں