224

تمام پاکستانی پائلٹس کلیئر،ملازمتیں بحال

ہنوئی(ڈیلی پاکستان آن لائن)ویتنام ایئرلائن نے اپنے ملک میں ملازمت کرنے والے تمام پاکستانی پائلٹس کو کلیئر قرار دیتے ہوئے انہیں  ملازمتوں پر بحال کردیا ہے۔

روزنامہ جنگ کے مطابق برطانوی خبررساں ادارے کی رپورٹ  میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز ہنوئی میں ویتنامی حکام نے تصدیق کی ہے کہ ویتنام کی مختلف ایئرلائنز میں کام کرنے والے تمام پاکستانی پائلٹس کی پاس جائز اور صحیح لائسنس موجود ہیں۔

سرکاری بیان کے مطابق کوئی بھی پائلٹ پرواز کے واقعے یا حفاظتی خطرے میں ملوث نہیں رہا۔ ویتنام حکومت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں ہوابازی کے ریگولیٹری ادارے کی جانب سے جاری کیے گئے تمام لائسنس صحیح ہیں۔

بیان کے مطابق میڈیا رپورٹس کے برعکس کوئی بھی لائسنس جعلی نہیں ہے۔ ویتنام کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ویتنام نے ستائیس پاکستانی پائلٹس کو لائسنس جاری کیا تھا ان میں سے بارہ ابھی بھی سرگرم ہیں جب کہ دیگر پندرہ کا کانٹریکٹ مکمل ہوچکا ہے یا پھر وہ کورونا وائرس کی وجہ سے غیر فعال تھے۔

واضح رہے سروس میں موجود بارہ میں سے گیارہ پائلٹ ویتنام کی بجٹ ایئرلائن ویٹ جیٹ ایوی ایشن کے لیے کام کررہے تھے جب کہ ایک جیٹ اسٹار پیسفک کے لیے جو قومی ایئرلائن ویتنام ایئرلائنز ہی کا ایک یونٹ ہے کے لیے کام کررہا تھا۔

خیال رہے پاکستان میں وزیر ہوابازی کی جانب سے درجنوں پاکستانی پائلٹس کی ڈگریوں یا لائسنس کے حصول کے لیے دیئے جانے والے امتحانات میں بے ضابطگیوں کا الزام لگاکر انہیں ملازمتوں سے ہٹایا گیا تھا جس کے بعد دنیا بھرمیں موجود پاکستانی پائلٹس کی ساکھ پرسوال اٹھ رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں