233

لبنانی حکومت کو بیروت دھماکے کی پیشگی اطلاع ہونے کا انکشاف

یروت: لبنان کے قومی سلامتی کے ادارے نے صدر اور وزیراعظم کو گزشتہ ماہ ہی بندرگاہ میں موجود امونیم نائٹریٹ کے ذخیرے میں دھماکے یا دہشت گردی میں استعمال ہونے سے متعلق آگاہ کردیا تھا۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز نے ایک اہم سرکاری دستاویز کے حصول کا دعویٰ کیا ہے جس میں ملک کے سیکیورٹی ماہرین نے صدر اور وزیراعظم کو بندرگاہ کے ڈپو میں امونیم نائٹریٹ کے ذخیرے کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ اور اس کے غلط استعمال سے متعلق خبردار کیا گیا تھا۔

رائٹرز کے مطابق گزشتہ ماہ کے اس دستاویز میں سیکیورٹی ماہرین نے حکومت کو خبردار کیا تھا کہ بیروت بندرگاہ میں 2 ہزار 750 اموںیم نائٹریٹ کے ذخیرے کو شرپسند چوری کرکے ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں استعمال کرسکتے ہیں اور یہ بھی ممکن ہے کہ اس ذخیرے میں دھماکا ہوجائے۔

یہ رپورٹ 20 جولائی کو قومی سلامتی کے جنرل ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے صدر میشال عون اور وزیراعظم حسن دائب کو بھیجی گئی تھی۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ یہ رپورٹ جنوری میں شروع کی جانے والی جوڈیشل انویسٹی گیشن کے نتائج کے خلاصے پر مشتمل ہے جس میں یہ نتیجہ اخذ کیا گیا ہے کہ ان کیمیائی مادوں کو فوری طور پر محفوظ رکھنے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ 20 جولائی کو الرٹ کے باوجود لبنانی حکومت نے کوئی اقدامات نہ کیے اور 4 اگست کو امونیم نائٹریٹ کے ذخیرے میں خوفناک دھماکا ہوگیا جس کے نتیجے میں 135 افراد ہلاک، 5 ہزار سے زائد زخمی اور سیکڑوں گھر تباہ ہوگئے تھے۔

بشکریہ ایکسپریس نیوز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں