141

انڈونیشیا میں مفت کورونا ویکسینیشن کا آغاز صدر کو ٹیکہ لگا کر ہوگا

جکارتہ: انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو نے ملک بھر میں شہریوں کو مفت کورونا ویکسین فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویکسین کا پہلا ٹیکہ وہ خود لگوائیں گے تاکہ عوام میں اعتماد پیدا ہو۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا نے ملک بھر میں کورونا ویکسینیشن کے آغاز کی تیاری شروع کردی ہے۔ جس کے لیے انڈونیشیا نے چین کی کمپنی سینوفارم سے رواں ماہ ایک کروڑ 2 لاکھ خوراکیں خریدی ہیں۔

انڈونیشیا آئندہ ماہ جنوری میں بھی چینی کمپنی سینو فارم سے کورونا ویکسین کی ایک کروڑ 8 لاکھ خوراکیں خریدے گا اور تب تک ملک کے فوڈ اینڈ ڈرگ ادارے سے ویکسینیشن کے آغاز کے لیے مشاورت کی جائے گی۔
اس موقع پر صدر جوکو ویدودو نے قوم سے خطاب میں اعلان کیا کہ ملک بھر میں کورونا ویکسین شہریوں کو مفت فراہم کی جائیں گی اور لوگوں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے ویکسین کو سب سے پہلے میں خود پر استعمال کروں گا۔

انڈونیشیا کورونا ویکسین کی 24 کروڑ خوراکیں خریدے گا جس کے لیے چین کی سینوفارم کے ساتھ ساتھ فائزر، آسٹرازنیکا اور ویکسین کی ترسیل کے عالمی پروگرام ’’کوویکس‘‘ سے بھی رجوع کرے گا۔

واضح رہے کہ انڈونیشیا میں 6 لاکھ 29 ہزار سے زائد مریضوں میں کورونا کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ اس مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 19 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

بشکریہ ایکسپریس نیوز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں