127

بغداد میں یکے بعد دیگرے 2خودکش حملوں میں 30 افراد ہلاک، 73 زخمی

بغداد: عراق کے دارالحکومت بغداد میں 2خودکش حملوں کے نتیجے میں 30 افراد ہلاک اور 73 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق کے دارالحکومت بغداد کے علاقے طائران اسکوائر میں بازار میں یکے بعد دیگرے 2خودکش حملوں میں 30 افراد ہلاک اور 73 زخمی ہوگئے، واقعہ کے بعد امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے جب کہ سیکیورٹی اداروں نے دھماکے کی جگہ سے شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیے ہیں۔

عراقی وزارت داخلہ کے مطابق پہلا خودکش حملہ آور بازار میں داخل ہوا اور طبیعت خراب ہونے کا بہانا بنایا جس پر جیسے ہی لوگ حملہ آور کے گرد جمع ہوئے، اس نے دھماکے سے خود کو اڑالیا جب کہ دوسرے حملہ آور نے اس وقت دھماکے سے خود کو اڑایا جب لوگ امدادی کاموں کے لیے جمع ہوئے۔
عراقی حکام کے مطابق 3 سال قبل جنوری 2018 میں طائران اسکوائر میں خود کش حملے کے نتیجے میں 30 افراد ہلاک ہوئے تھے جب کہ آج ہونے والے خودکش حملوں کی ذمہ داری ابھی تک کسی بھی گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی ہے۔

بشکریہ ایکسپریس نیوز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں