154

امریکا میں ہرہفتے کے دوران 7 لاکھ سے زائد افراد بیروزگار ہونے لگے

واشنگٹن: امریکا کے محکمے برائے افرادی قوت کے مطابق کورونا کے بعد ملک بھر میں بے روزگاری کی فی ہفتہ شرح میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ کورونا سے قبل بے روزگاری الائونس کے لیے ہر ہفتے موصول ہونے والی درخواستوں کی تعداد عموما 2لاکھ 20 ہزار سے کم ہوتی تھی۔

گزشتہ ہفتے 7 لاکھ 44 ہزار امریکیوں نے بے روزگاری الائونس کے لیے درخواستیں دیں۔ جو کہ اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ آجر ابھی بھی اپنے ملازمین کو نوکریوں سے برخاست کر رہے ہیں۔ حالانکہ کووڈ کے خلاف زیادہ تر لوگوں کی ویکسینیشن کی گئی ہے، صارفین کا اعتماد بھی بحال ہوا ہے اور حکومت کی جانب سے معیشت میں بہتری کے لے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔

امریکی حکومت کے مطابق گزشتہ سے گزشتہ ہفتے موصول ہونےوالی درخواستوں کی تعداد 7 لاکھ 28 ہزار تھی اور ایک ہفتے میں ہی بے روزگاروں کی تعداد میں 16 ہزار افرادکا اضافہ ہو گیا ہے۔ ایک ہفتے قبل تک 37 لاکھ سے زائد امریکی ریاستی بے روزگاری الاؤنس سے مستفید ہورہے تھے۔ اگر اس میں گزشتہ سال متعارف کرائے گئے ضمنی ریاستی پروگرام کو بھی شامل کیا جائے تو بے روزگاری الائونس لینے والے امریکیوں کی تعداد 1 کروڑ 82 لاکھ ہوچکی ہے۔
اس ہفتے ہی بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے رواں سال امریکی معیشت میں 6 اعشاریہ 4 فیصد شرح نمو کی پیش گوئی کی ہے، جو 1984 کے بعد دنیا کے امیر ترین ملکوں کے درمیان سب سے زیادہ تیزی سے ہونے والا سالانہ اضافہ ہے۔
بشکریہ ایکسپریس نیوز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں