181

افغانستان میں یونیورسٹی بس دھماکے میں تباہ، 4 لیکچرار جاں بحق

کابل: افغانستان میں البیرونی یونیورسٹی کی بس کو دھماکے سے اُڑا دیا گیا جس کے نتیجے میں 4 لیکچرار جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے۔

افغان میڈیا کے مطابق یونیورسٹی بس کو صوبے پروان کے ضلع بگرم میں نشانہ بنایا گیا۔ بس میں 20 کے قریب اساتذہ اور تعلیمی عملہ سوار تھا۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ یونیورسٹی بس مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور دھماکے کے بعد مسافر بس میں بری طرح پھنس گئے۔

ریسکیو ادارے کے عملے نے بس کو کاٹ کر مسافروں کو باہر نکالا اور قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں 4 لیکچرار کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی۔ دھماکے میں 13 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں زیادہ تر اساتذہ شامل ہیں۔
یہ خبر پڑھیں : افغانستان ؛ گرلز اسکول حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 85 ہوگئی

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے 6 کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے جب کہ کچھ اساتذہ ہاتھ اور پاؤں سے بھی محروم ہوگئے۔

پروان پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تاحال کسی شدت پسند گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم اس علاقے میں طالبان سمیت کئی جنگجو گروہ متحرک ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں : کابل یونیورسٹی پر مسلح افراد کے حملے میں جاں بحق طلبا کی تعداد 30 ہوگئی

واضح رہے کہ افغانستان سے غیرملکی فوجیوں کے انخلا کا عمل شروع ہوگیا ہے جب کہ قطر میں ہونے والے بین الافغان مذاکرات بھی کسی نتیجے پر پہنچے بغیر ختم ہوگئے جس کے باعث ملک میں پُرتشدد کارروائیوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

بشکریہ ایکسپریس نیوز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں