329

جنرل منیجر ایس این جی پی یل آصف اکبر کی وزیر اعلی گلگت بلتستان سے ملاقات

اسلام آباد ()جنرل منیجر ایس این جی پی یل آصف اکبر کی وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن سے ملاقات،آصف اکبر نے وزیر اعلی گلگت بلتستان کو گلگت شہر میں گیس منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی،

وزیر اعلی گلگت بلتستان نے اس موقعہ پر کہا کہ ہماری حکومت نے گلگت کی عوام سے گیس کی فراہمی کا وعدہ کیا ہے ہماری خواہش ہے کہ یہ منصوبہ وقت پر مکمل ہو،یہ اہم منصوبہ ابھی تک مکمل ہو چکا ہوتا اگر گلگت میں زمین فراہمی میں رکاوٹیں نہ ڈالی جاتیں تو،بد قسمتی سے گیس منصوبے کے لئے مقرر کردہ زمین کو متنازعہ بنا کر منصوبے کو التوا کا شکار کیا گیا،لیکن اب جبکہ زمین کی لوکیشن تبدیل کر کے نئی زمین فراہم کر دی گئی ہے تو ہم چاہتے ہیں

کہ یہ اہم منصوبہ جلد سے جلد مکمل ہو جائے تا کہ گلگت شہر سے ایندھن کا مسلہ ختم ہو جائے اور عوام کی زندگیوں میں آسانی پیدا ہو جائے،وزیر اعلی نے کہا کہ سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سے درخواست کی تھی کہ گلگت بلتستان کے بڑے شہروں گلگت،سکردو،چلاس،ہنزہ و دیگر شہروں کے لئے گیس منصوبہ منظور کیا جائے

سابق وزیر اعظم نے منصوبہ منظور کیا،اب ابتدائی طور پر گلگت شہر میں پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جا رہا ہے اگلے مرحلے میں سکردو،چلاس،ہنزہ اور دیگر شہروں میں بھی گیس منصوبے کا آغاز ہوگا تا کہ گلگت بلتستان کے جنگلات کی بے دریغ کٹائی پر بھی قابو پایا جا سکے اور دوسری طرف ایندھن کے مسائل بھی حل ہوں،وزیر اعلی نے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت کا سوئی ناردرن گیس کمپنی سے معاہدہ ہو چکا ہے کہ پاکستان کے بڑے شہروں کے لئے گیس کے جو نرخ ہیں وہی نرخ گلگت بلتستان کے لئے ہوں گے،گیس سلنڈر کے مقابلے میں کئی گناہ ریٹ کم ہوں گے

جس سے جہاں عوام کو اربوں کی بچت ہوگی وہاں گلگت بلتستان کے جنگلات اور قدرتی وسائل کا بھی تحفظ ہوگا۔وزیراعلی نے کہا کہ ہم نے گلگت شہر کے ساتھ ساتھ سکردو اور دیگر شہروں میں بھی گیس فراہمی عزم کیا ہے،آصف اکبر نے بتایا کہ ہماری کوشش ہے کہ گلگت بلتستان حکومت کی ہدایات کے مطابق منصوبے کو مکمل کریں اور اس کے لئے ہم نے اپنی تیاری مکمل کر لی ہے اور اگلے ماہ اکتوبر کی دس سے بیس تاریخ تک پائپ لائن بچھانے کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا جبکہ ہماری کوشش ہے کہ گلگت شہر کے بعد سکردو میں منصوبے کا آغاز کیا جائے

جس کے لئے سروے مکمل ہو چکاہے اب صرف زمین کی الاٹ منٹ رہ گئی ہے جیسے ہی گلگت بلتستان حکومت زمین فراہم کرے گی سکردو میں بھی گیس فراہمی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا،ہماری کوشش ہے کہ سکردو میں بھی اکتوبر کی آخری تاریخوں میں گیس منصوبے کے کام کا باقاعدہ آغاز کیا جائے،

وزیر اعلی حافظ حفیظ الرحمن نے جنرل منیجر ایس این جی ایل آصف اکبر سے کہا کہ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد منصوبے کو مکمل کرنے کے لئے ضروری ہے کہ کام کی رفتار کو معمول سے زیادہ تیز رفتاری کے ساتھ کیا جائے اور یہ بھی کوشش کی جائے کہ پائپ لائن بچھانے کے دوران ٹریفک کے نظام میں خلل اور لوگوں کے نظام زندگی میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں