316

محکمہ بلدیات کے خلاف اب تک کسی بھی قسم کی کاروائی کا نہ ہونا سمجھ سے بالاتر ہے: ساجدہ صداقت

گلگت(اسپیشل رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف خواتین ونگ کی سینئر راہنماء ساجدہ صداقت نے کہاہے کہ محکمہ بلدیات گلگت  بلتستان میں گزشتہ 10سالوں کے دوران اربوں روپے کی کرپشن ہوئی ہے جبکہ نیب سمیت ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن کی جانب سے محکمہ بلدیات کے خلاف اب تک کسی بھی قسم کی کاروائی کا نہ ہونا سمجھ سے بالاتر ہے انہوں نے کہا ہے کہ 2004 کے بعد بلدیاتی اداروں کے انتخابات کا انعقاد نہیں ہو اہے جس کی وجہ سے سیاسی حکومتوں نے بیورو کریسی کے ساتھ ملی بھگت کے ذریعے جعلی سیکموں کے نام پر بڑے پیمانے پر فنڈز میں گھپلے کئے ہیں اور اس حوالے سے متعلقہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ 10 سالوں کے دوران اربوں روپے جعلی سیکموں کے نام پر پیپلزپارٹی کی سابق حکومت اور حافظ حفیظ الرحمن کی قیادت میں موجودہ حکومت نے اپنے چہیتوں کو پراجیکٹ لیڈر بناکر نوازتے رہے ہیں اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

پی ٹی آئی رہنماء ساجدہ صداقت نے محکمہ بلدیات میں گھپلوں کی تحقیقات کے حوالے سے نیب سمیت دیگر ذمہ دار اداروں کی خاموشی پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ عام آدمی کی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں اربوں کی خرد برد میں ملوث کرداروں کو کیفر کردار تک نہیں پہنچایا گیا تو پاکستان تحریک انصاف احتجاج پر مجبور ہوگی۔

انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیاکہ وزیر امور کشمیر و گلگت  بلتستان علی امین گنڈا پور،گورنر گلگت  بلتستان راجہ جلال حسین مقپون اور پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر سید جعفر شاہ کرپشن میں ملوث تمام کرداروں کے خلاف کاروائی کے لئے اقدامات اٹھائینگے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں