288

انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ جن دو پارٹیوں نے باری باری سے پاکستان سمیت گلگت بلتستان کو لوٹا آج ان کے سیاسی بہروپیے گلگت بلتستان کو لوٹنے میں مصروف ہیں: رہنما ساجدہ صداقت

استور(اسپیشل رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان کی سنئیر رہنما ساجدہ صداقت نے کہا ہے کہ انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ جن دو پارٹیوں نے باری باری سے پاکستان سمیت گلگت بلتستان کو لوٹا آج ان کے سیاسی بہروپیے گلگت بلتستان کو لوٹنے میں مصروف ہیں. گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت پر پیپلز پارٹی نے منی لاڑکانہ کا شوغلیہ نعرہ لگا کر عوام کو بیوقوف بنایا وہی پر مسلم لیگ ن نے بھی جان بوجھ کر سرتاج عزیز کمیٹی کی سفارشات کو پس پشت ڈالا اور عملدرآمد ہونے سے روکا. اسی وجہ سے گلگت بلتستان کے حقوق کا حصول اور ترقی کو بریک لگ گیا. ان دونوں جماعتوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے آج اداروں میں بھی گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت پر کنفیوژن بنی ہوئی ہے. ساجدہ صداقت نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف جو حقیقی معنوں میں عوام کے حقوق کی پاسدار جماعت ہے

وہ وزیراعظم عمران خان، تحریک انصاف گلگت بلتستان کے صدر سید جعفر شاہ، گورنر راجا جلال حسین مقپون، سنیئر نائب صدر شاہ ناصر، سیکرٹری جنرل فتح اللہ کی قیادت میں 2020 میں ایسا نظام متعارف کرائے گی

جس سے گلگت بلتستان کی عوام کی محرومیوں کا ازالہ ہوگا. پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان کی پوری کابینہ اس عزم کے ساتھ میدان میں آئی ہے کہ حقیقی معنوں میں عوام کی نمائندگی کیسےکی جاتی ہے اس کا بہترین تصور دے سکیں.

انشاءاللہ بہت جلد گلگت بلتستان سے اندھیر نگری کا راج ختم ہوگا اور روشنی کی نئی کرن نمودار ہوگی.

انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں حالیہ زلزلے اور برفباری سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کیلئے لانگ ٹرم پلاننگ کی جائے تاکہ آنے والے مستقبل میں عوام کی مشکلات میں کمی لائی جا سکے.

ساجدہ صداقت نے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جب سب ناکام ہوجاتے ہیں تو پاک فوج عوام کے مسیحا بن کر لوگوں کی مدد کرتی ہے جس کی وجہ سے ان دور دراز علاقوں کے عوام کیلئے جینے کا تصور مل جاتا ہے.

پاک فوج نے سردی ہو یا گرمی جنگ کے میدان سے لیکر زلزلہ متاثرین ہو یا سیلابی صورتحال تک ہر لمحہ عوام کی خدمت کی ہے جیسے پوری قوم کھبی فراموش نہیں کر سکتے ہیں. ساجدہ صداقت نے پاک فوج کی ان کاوشوں اور قربانیوں پر انہیں سرخ سلام پیش کیا.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں