273

وزیر اعظم کی حکومتی ارکان کو اہم ہدایت، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی یا نہیں مسلسل نظر رکھیں

وزیر اعظم پاکستان نے حکومتی ارکان کو یوٹیلیٹی اسٹورز کے دورے کرنے اور قیمتوں کا جائزہ لینے کی ہدایت کردی۔

مہنگائی میں کمی کے مشن کے تحت وزیر اعظم عمران خان نے حکومتی ارکان کو یوٹیلیٹی اسٹورز کے دورے کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ تمام حکومتی ارکان قریبی اسٹورز کا دورہ کر کے قیمتوں کا جائزہ لیں، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی یا نہیں مسلسل نظر رکھیں۔

وزیر اعظم کی ہدایت پر حکومتی ارکان نے یوٹیلیٹی اسٹورز کے اچانک دورے شروع کردیے۔ وزیر مملکت شبیر قریشی بھی قیمتوں کاجائزہ لینے یوٹیلیٹی اسٹور پہنچے جہاں انہوں نے اسٹور اشیاء کی دستیابی اور قیمتوں میں حالیہ کمی کا جائزہ لیا۔

گزشتہ روز وزیر اعظم نے چینی کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے حقائق جاننے کے لیے ڈی جی ایف آئی اے کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دی ہے۔

کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس بات کا تعین کیا جائے کہ معاملے میں کون کون سے عناصر ملوث ہیں۔

کمیٹی کو کہا گیا کہ وہ اس بات کا بھی جائزہ لے کہ چینی کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے مقامی انتظامیہ اور حکومتی اداروں نے کیا حفاظتی اور پیشگی اقدامات کیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں