284

عوامی ایکشن کمیٹی کا ریفارمز ایکٹ کیخلاف 6مارچ کو احتجاج کرنے کا اعلان

گلگت بلتستان کی ایک انچ زمین حکومت کو دینے کے لئے تیار نہیں،کٹ مرینگے لیکن اپنی زمینوں کا تحفظ کرینگے،لینڈ ریفارمز ایکٹ کو مسترد کرتے ہیں

گلگت(نمائندہ خصوصی) عوامی ایکشن کمیٹی کے وائس چیئرمین فدا حسین کی سربراہی میں اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہم گلگت بلتستان کی ایک انچ زمین حکومت کو دینے کے لئے تیار نہیں ہیں جو زمین ہم سے اس سے قبل کی گئی ہے اس کا معاشی دیا جائے اور ہم اب کٹ مرینگے لیکن اپنی زمینوں کا تحفظ کرینگے لینڈ ریفارمز ایکٹ کو مسترد کرتے ہیں اور 6 مارچ کو گلگت اتحاد چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا اور جو بھی ممبر اسمبلی لینڈ ریفارمز ایکٹ پر دستخط کرے گا وہ قومی مجرم ہوگا۔ عوامی ایکشن کمیٹی کے مقامی ہوٹل میں اجلاس منعقد ہوا جہاں نومل، جوتل، امپھری، کشروٹ، نپورہ، برمس، بسین کھر، کے عمائدین نے شرکت کیا اور اجلاس میں متفقہ طور پر لینڈ ریفارمز ایکٹ کو نامنظور کیا گیا اور 6 مارچ کو بھرپور احتجاج کرنے کا عزم کیا اور عوامی ایکشن کمیٹی کے جنرل سیکرٹری پروفیسر سید یعصب الدین نے کہا کہ لینڈ ریفارمز کو ہم نے پہلے ہی مسترد کیا ہے 70 اور 30 کا فارمولا مسترد کرتے ہیں اس سے قبل جو زمین کی گئی ہے اس کا بھی معاشی ادا کیا جائے کابینہ اجلاس سے منظوری ہوئی تو سخت رد عمل دیا جائے گا،ڈی ایس پی ریٹائرڈ حکم خان نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ ہم مکمل تعاون کرینگے اور احتجاج میں بھرپور انداز میں شرکت کرینگے، مسعود الرحمن نے کہا کہ علما کرام گلگت بلتستان کی زمینوں کے تحفظ کے لئے کام کریں اور اپنے خطبات میں لینڈ ریفارمز ایکٹ کو مسترد کریں ہم اس ایکٹ کے خلاف بھرپور احتجاج کرینگے۔ یوسف ناشاد نے کہا کہ گلگت بلتستان میں جو بھی حکومت میں آٹا ہے وہ صرف اپنا الو سیدھا کرتا ہے عوام کی کسی کو کوئی فکر نہیں ہے اس لئے ہمیں اب عوام میں جانا ہوگا، لیاقت اور راجہ شاہ زیب نے کہا کہ ہم آرڈر سمیت لینڈ ریفارمز ایکٹ کو مسترد کرتے ہیں اور احتجاج میں بھرپور شرکت کیا جائے گا۔ قاسم علی نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے ممبران اسمبلی اپنا کردار ادا کریں اور اسمبلی میں اس بل کو منظور ہونے نہیں دیں اور اور جوتل میں سی پیک پر نکل کر 6 مارچ کو بڑا احتجاج کیا جائے گا، جہانزیب انقلابی اور محمد فاروق نے کہا کہ حکومت زندوں سے مکان چھین رہی ہے اور مردوں سے قبر چھین رہی ہے اس قسم کے اقدامات کو ہم مسترد کرتے ہیں ناتوڑ رول کے تحت حکومت نگراں ہے لیکن حکومت مالک بن کر عوام کی زمینوں کے بندر بانٹ پر لگی ہے لیکن اب میدان میں اترا جائے گا اور عوام سے بھی ہماری اپیل ہے کہ وہ اپنے ان حقوق کے لئے میدان میں آئیں اور اپنے حقوق کا تحفظ کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں