244

ڈپٹی کمشنر سکردوکی زیر صدارت اجلاس: ضلعی امن کمیٹی، مختلف مکاتب فکرکے علماء کرام اور میڈیا نمائندوں کی شرکت

سکردو (پ،ر)تفصیلات کے مطابق مورخہ 06 مارچ 2020کوسکردو میں ضلعی امن کمیٹی اور مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام اور میڈیا کے نمائندوں کا اجلاس ڈپٹی کمشنر سکردو خرم پرویز کی صدارت میں ہوا۔ جس میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے حکومت کی جانب سے اختیار کئے گئے حفاظتی تدابیر پر روشنی ڈالی گئی۔ ڈپٹی کمشنر سکردو نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی جانب سے سکردو میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے ہر ممکن اقدامات کئے گئے ہیں۔ ستک روندو اور سکردو ہوائی اڈے پر پہلے ہی مشتبہ افراد کی سکریننگ کے لئے سنٹرز قائم کئے ہوئے تھے اب شنگوس کے مقام پر بھی اس نوعیت کا ایک سنٹر قائم کیاگیاہے۔ جبکہ شاہراہ قراقرم میں چلاس کے مقام پر گلگت بلتستان آنے والے تمام مسافروں کی سکریننگ کا عمل پہلے سے جاری ہے۔ انہی کوششوں کے باعث اللہ کے فضل سے ابھی تک بلتستان میں کرونا کا ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مرض سے متعلق اگہی پھیلانے کے لئے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے ساتھ علماء کرام اور میڈیا کا بھر تعاون اور کردار ہے اس سلسلے کو جاری رکھا جائے گا۔ ڈسڑکٹ ہیلتھ آفیسر سکردو نے کہا کہ ہم شک کی بنیاد پر 4افراد کے ٹیسٹ NIHاسلام آباد کو بھیجے تھے جو کہ نیگیٹو آئے اور آج ایک اور ٹیسٹ اسلام آباد بھیجا جائے گا۔ ہم نے گمبہ بینظیر ہسپتال کو اس مرض کے لئے احتیاطی تدابیر کے طور پر مختص کیا ہے۔ خطیب مرکز اہلحدیث بلتستان مولانا ڈاکٹر محمد علی جوہر نے کہا کہ ڈاکٹروں کی تجویز کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا عین اسلامی تعلیمات کے مطابق ہے۔ انہوں نے ملک سے اس مرض کے خاتمے کے لئے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کایقین دلایا۔ شرکاء نے اپنی اپنی تجاویزسے بھی اجلاس کو آگاہ کیا۔ آخر میں مولانا ڈاکٹر محمد علی جوہر نے پورے عالم اسلام بالخصوص وطن عزیز پاکستان کو ہر قسم کی بیماریوں اور کرونا وائرس جیسی مرض سے محفوظ رکھنے کی خصوصی دعا مانگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں