140

حکومت کا فرانس سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کیلیے مسلم امہ سے مشاورت کا فیصلہ

کراچی: وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران فرانس کے تعلقات ختم کرنے کے معاملے پر مسلم امہ سے مشاورت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ جس میں 17 نکاتی ایجنڈا سمیت کورونا وائرس کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ کابینہ نے کراچی پورٹ ٹرسٹ کے چیئرمین اور ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی کے ایم ڈی کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔

وفاقی وزیر امین الحق نے لاپتہ افراد کا معاملہ کابینہ اجلاس میں اٹھایا، انہوں نے کہا کہ 2016 میں اغوا ہونے والے کارکن شاہد کلیم کی پر اسرار موت سنجیدہ معاملہ ہے، جس پر وزیراعظم عمران خان نے وزیر داخلہ اعجاز شاہ کو معاملہ دیکھنے کی ہدایت کردی۔
کابینہ اجلاس میں فرانس سے تعلقات منقطع کرنے سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست بھی زیر بحث آئی۔ وزیر اعظم نے فرانس کے تعلقات ختم کرنے کے معاملے پر مسلم امہ سے مشاورت کا فیصلہ کیا، اس سلسلے میں انہوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو اسلامی ممالک سے رابطوں کا ٹاسک سونپ دیا۔ جو او آئی سی ممالک سے رابطوں کے بعد کابینہ کو آگاہ کریں۔

کابینہ اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے کابینہ کمیٹیوں سے متعلق فیصلے پر بحث ہوئی، وزیراعظم نے کمیٹیوں سے متعلق ہائی کورٹ کے فیصلے پر لیگل ٹیم کو لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کردی۔

بشکریہ ایکسپریس نیوز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں