153

6 ستمبر کا دن ہمیں بحیثیت قوم دشمن کے بزدلانہ حملے اور ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کی یاد دلاتا ہے،وزیراعلیٰ

ملک کی سلامتی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، خالد خورشید
ملکی سلامتی کو درپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کےلئے ضروری ہے کہ ہم اپنے صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں‌

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا ہے کہ 6 ستمبر کا دن ہمیں بحیثیت قوم دشمن کے بزدلانہ حملے اور ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کی یاد دلاتا ہے، دشمنان وطن ارض پاک میں بدامنی اور انتشار پھیلانے کی کوششیں کر رہے ہیں، آئیے عہد کریں کہ ہم دشمن کے منصوبوں کو ناکام بنائیں۔ یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ آج کا دن ہمیں اپنے اندرونی اور بیرونی دشمنوں کو یہ باور کرانے کا دن ہے کہ پاکستانی قوم کسی بھی دشمن طاقت کو دندان شکن جواب دینے کیلئے متحد ہے۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے اس امر پر زور دیا ہے کہ ملک میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے 6 ستمبر کے جذبہ کو برقرار رکھنے کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے، دنیا کی کسی قوم نے جانی و مالی صورت میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اتنی بھاری قیمت ادا نہیں کی جتنی پاکستان کے عوام نے ادا کی ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان کی سالمیت، وقار اور بقاء کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، ملکی سلامتی کو درپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے یہ ضروری ہے کہ ہماری صفوں میں اتحاد برقرار رہے اور ہم وطن کی تعمیر و ترقی کیلئے کام کریں۔ 6 ستمبریوم دفاع پاکستان دشمن کے عزائم کو خاک میں ملانے اورقومی جرات و بہادری کا دن ہے۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے قربانیوں پر ہم اپنے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں اور یقین دلاتے ہیں کہ دشمن کیخلاف پوری قوم ایک ہیں اگر دشمن نے وطن عزیز کیخلاف کسی جارحیت کی کوشش کی تو پوری قوم اپنے بہادر افواج کیساتھ مل کر دشمن کیخلاف کھڑی ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں