134

جی بی ڈی ڈبلیو پی کا اجلاس، ایک ارب 22کروڑ لاگت کے منصوبے منظور

طورمک دو میگاواٹ روندو تیسر ٹو اور مہدی آباد کھرمنگ فیز تھری کی حتمی منظوری دے دی گئی
تمام محکمیں ترقیاتی منصوبوں کے پی سی ون مقررہ مدت میں منظوری کیلئے متعلقہ فورمز میں پیش کریں، منصوبوں کے معیار اور رفتار یقینی بنانے کیلئے نگرانی نظام وضع کریں، سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی کو ہدایت
ترقیاتی منصوبوں کی انتظامی منظوری ملنے کے بعد فوری طور پر منصوبوں کے ٹینڈر کا عمل شروع کیا جائے، محکموں کی استعداد کار میں اضافے کیلئے اصلاحات متعارف کرائے جائیں، خالد خورشید خان


گلگت (رہبر نیوز)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کے زیر صدارت گلگت بلتستا ن ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی(GB-DWP)کا دوسرا اجلاس منعقد ہواجس میں محکمہ برقیات کے ایک ارب 22 کروڑ 97 لاکھ 40ہزار کے منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ اجلا س میں دو میگاواٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ طورمک روندو فیز II لاگت 49 کروڑ70لاکھ اور تین میگاواٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ مہدی آباد کھرمنگ فیزIII لاگت 73کروڑ 27لاکھ40ہزار کے منصوبوں کی حتمی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں گلگت بلتستان ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (GB-DWP) کے پہلے اجلاس کے فیصلوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ تمام محکمے ترقیاتی منصوبوں کے PC-1مقررہ مدت میں منظوری کیلئے متعلقہ فورمز میں پیش کریں۔ صوبائی سیکرٹری پلاننگ کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور رفتار کو یقینی بنانے کیلئے رییل ٹائم مانیٹرنگ (Real Time Monitoring) کا نظام متعارف کرائیں۔ ترقیاتی منصوبوں کے ایڈمن اپرول جاری ہونے کے بعد فوری طور پر منصوبوں کے ٹینڈر کا عمل شروع کریں۔ محکمہ پلاننگ ترقیاتی منصوبوں کے PC-1 کو معیار کے مطابق بنانے کیلئے چیک لسٹ سے تمام متعلقہ محکموں کو آگاہ کرے۔ محکموں کی استعداد کار میں اضافے اور ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور رفتار کو یقینی بنانے کیلئے اصلاحات متعارف کرائے ہیں جس کے بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں