178

گلگت بلتستان کی ترقی کیلئے روایتی طریقوں سے ہٹ کر اقدامات کر رہے ہیں، وزیر خزانہ

گلگت (رہبر نیوز)صوبائی وزیر خزانہ جاوید علی منوا نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی خوشحالی اور ترقی کیلئے صوبائی حکومت روایتی طریقوں سے ہٹ کر ایک نئی جہت کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔یونیسیف پاکستان اور محکمہ منصوبہ بندی وترقی گلگت بلتستان کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب بعنوان Equity and district profile سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ خطے میں موجود ناہمواریوں اور حساسیت کو کمزوری کے بجائے مضبوطی کو اپنانا ہے تاکہ بہترین اور کامیاب قوم بن کر دنیا میں ابھر سکیں۔انہوں نے گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں یونیسیف پاکستان کی شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم،صحت اور دیگر شعبہ جات کی بہتری کیلئے یونیسیف کے تعاون سے مذید اقدامات اٹھائے جائیں گے،گلگت بلتستان کی تعمیر وترقی میں یونیسیف پاکستان اور محکمہ منصوبہ بندی وترقی گلگت بلتستان کا کردار واقعی لائق تحسین ہے،جس کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور یونیسیف پاکستان کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی کی ملک کی ترقی میں صحیح سمت میں پالیسیز کا مرتب کرنا ازحد ضروری ہوتا ہے،ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمیں زمینی حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے تکنیکی بنیادوں پر اپنی پالیسیز کو مرتب کرنا ہے،تاکہ ترقی کی رہ میں مسقبل میں دشواریوں کا سامنا کرنا نہ پڑے۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ ڈویلپمنٹ کے طریقہ کار کو سحل بنائیں تاکہ ترقی کا پہیہ رکنے کے بجائے مسلسل چلتا رہے۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ہماری حکومت خطے کی تعمیر و ترقی کیلئے بہترین اور جامع پالیسیاں ترتیب دینے کیلئے کوشاں ہے۔اس حوالے سے صوبائی حکومت عالمی اداروں کی معاونت سے گلگت بلتستان میں مالی وسائل اور تکنیکی سہولیات کی خواہاں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کو بہتر اور مضبوط خطوط پر استوار کرنا وقت کی ضرورت ہے۔اپنے خطاب میں گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی اور مفاد عامہ میں خصوصی دلچسپی لینے پر علاقائی میڈیا کے کردار کو بھی خوب سراہا۔##

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں