152

عبوری صوبے کا خواب جلد پورا ہوگا، وزیر اعلیٰ

گلگت(رھبر نیوز)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے یکم نومبر یوم آزادی گلگت بلتستان کے حوالے سے یادگار شہداء پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکم نومبر آج کا دن ہمیں آپنے شہداء اور غازیوں کو خراج عقدت پیش کرنے اور تجدید عہد کرنے کا دن ہے۔ ہمارے آباؤ اجداد نے اس خطے کو جذبہ ایمانی سے سرشار ہوکر بغیر کسی بیرونی امداد کے ڈوگروں سے آزاد کرایا۔ آج کے دن اپنے اصلاف کی قربانیوں کو یاد کرنے اور آزادی کے ثمرات عام عوام تک پہنچانے کا ہمیں عہد کرنا ہوگا۔ گلگت بلتستان کی آزادی کا نظریہ اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے دنیا کے واحد مملکت خوداد پاکستان کے نظریے سے ملا اسی لئے گلگت بلتستان کو ڈوگروں سے آزاد کرانے کے بعد پاکستان سے الحاق کیا۔پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے لیکن گزشتہ70سالوں سے مخلص اور ایماندار قیادت کا فقدان رہا جس کی وجہ سے ملک کی ترقی نہیں ہوئی اور بیرونی امداد پر انحصار رہا۔ پہلی مرتبہ ملک کو وزیر اعظم پاکستان عمران خان جیسی مخلص اور ایماندار قیادت ملی ہے جس کی وجہ سے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن ہورہا ہے اور ملک ترقی کے منازل طے کررہا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے10مہینے میں گزشتہ70سالہ محرومیوں کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کیے۔370ارب کا خصوصی ترقیاتی پیکیج منظور کرایا جس کے تحت گلگت بلتستان تعمیر وترقی کے نئے راہ پر گامزن ہوگا۔ آج کے اس جدید دور میں بھی انٹرنیٹ کا مسئلہ تھا جسکو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے4G کی نیلامی کو ممکن بنایا گیا۔ گلگت بلتستان میں عبوری آئینی صوبہ کے نام پر صرف سیاست ہوتی رہی کسی جماعت نے اس حوالے سے عملی اقدام نہیں کیا تحریک انصاف کی حکومت گلگت بلتستان کوقومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے انشاء اللہ عبوری آئینی صوبہ کا خواب بھی جلد شرمندہ تعبیر ہوگا۔ مختصر عرصے میں کرپشن کے خاتمے اور گڈ گورننس کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں تمام شعبوں میں نئے اصلاحات متعارف کرارہے ہیں۔ عوام کو دہلیز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنارہے ہیں۔ وسائل کا منصفانہ تقسیم یقینی بنایا ہے۔ ہماری ترجیحی معاشرے کاوہ محروم طبقہ ہے جو گزشتہ ادوار میں نظرانداز رہا تمام علاقوں میں بلا تفریق میگا منصوبے شروع کیے جارہے ہیں۔ سی پیک منصوبے کا آغاز گلگت بلتستان سے ہوتا ہے ماضی کے حکومتوں کی نا اہلی کی وجہ سے گلگت بلتستان کو اس اہم منصوبے میں حصہ نہیں ملا۔ وزیر اعظم پاکستان کی گلگت بلتستان سے محبت اور صوبائی حکومت کی کوششوں سے انفراسٹرکچر اور پاور کے میگا منصوبے سی پیک میں شامل ہوئے ہیں۔ رائیکوٹ تا تھا کوٹ موٹر وے منصوبہ10 JCC میں منطور ہوا گلگت چترال ایکسپریس وے پر کام شروع ہوا ہے دیگر منصوبوں پر بھی جلد کام شروع ہوگا۔ مجھے امید ہے کہ ہرآنے والا سال گلگت بلتستان کے عوام کیلئے اور پاکستان کے عوام کیلئے خوشخبریوں کا سال ہوگا۔ مایوسیوں کا خاتمہ ہوگا۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ مفکر پاکستان حضرت علامہ اقبال کے خواب اور قائد اعظم محمد علی جناح کے نظریے کی بنیاد پر ہمارے آباؤ اجدادنے گلگت بلتستان کے اس اہم خطے کو ڈوگروں سے آزاد کرایا۔ آج کے دن اس بات کا عہد کرنا ہے کہ اپنے اصلاف کی قربانیوں کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے ہم سب کو اپنے حصہ کی شمع روشن کرنے کی ضرورت ہے اور ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ تقریب میں گورنر گلگت بلتستان، فورس کمانڈر گلگت بلتستان، چیف سیکریٹری گلگت بلتستان اور سول و عسکری آفیسران اور شہداء و غازیوں کے عزیز و اقارب نے شرکت کی۔ گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید، فورس کمانڈر گلگت بلتستان اور چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے یاد گار شہداء پر پھول چڑھائے اور دعا کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں