155

تتہ پانی کے مقام پر متبادل شاہراہ کا منصوبہ منظور، جلد کام شروع ہوگا، خالد خورشید

گلگت(رھبر نیوز)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کے زیر صدارت گلگت بلتستان ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (GBDWP) کا اجلاس منعقد ہوا جس میں رائیکوٹ تا ڈڈنگ شاہراہ کی توسیع اور میٹلنگ منصوبے لاگت 41 کروڑ کی منظوری دی گئی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ تتہ پانی کے مقام پر سلائیڈنگ کا ہر وقت خدشہ رہتا تھا جس کی وجہ سے کئی قیمتی انسانی جانوں کا بھی نقصان ہوا ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے متبادل شاہراہ کی تعمیر کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ حکومت گلگت بلتستان ایف ڈبلیو او کے تعاون سے متبادل شاہراہ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر پل کی تعمیر بھی یقینی بنائے گی۔ گلگت بلتستان ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس کے موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے صوبائی سیکریٹری برقیات کو ہدایت کی کہ سسٹم کی بہتری کیلئے خصوصی منصوبے کی منظوری دیتے ہوئے سالانہ ترقیاتی پلان میں خطیر رقم مختص کی ہے اس منصوبے کو جلد از جلد عملی جامعہ پہنائے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ سردیوں میں لوڈشیڈنگ کے دورانیئے کو کم از کم کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔ دور دراز علاقوں میں مائیکرو ہائیڈرل کے منصوبوں کیلئے جی بی آر ایس پی کو سروے کرنے کی ہدایت کی گئی ہے محکمہ برقیات جی بی آر ایس پی کیساتھ اس سلسلے میں خصوصی تعاون کرے۔ گلگت بلتستان کے پرانی مارکیٹس اور تاریخی محلوں کی تزائن و آرائش کیلئے آغا خان کلچر بورڈ کی خدمات لی جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے صوبائی سیکریٹری پلاننگ کو ہدایت کی کہ جنوری تک تمام منصوبوں کے پی سی ون کی منظوری کو یقینی بنائیں۔ فروری کے نئے سال سے بجٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے پی سی ون تیار کئے جائیں جن کی منظوری کے بعد ان منصوبوں کو سالانہ ترقیاتی پلان میں شامل کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ پہلی مرتبہ منظم منصوبہ بندی اور پالیسی کے تحت تعمیر و ترقی کے سفر کو جدید خطوط پر آگے بڑھایا جارہاہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے تمام محکموں کے سیکریٹریز کو ہدایت کی ہے کہ مالی قواعد و ضوابط کے تحت ترقیاتی بجٹ کے استعمال کو یقینی بنائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں