163

گلگت بلتستان کیلئے 4ہزار اسامیوں کی تخلیق کی منظوری

گلگت (رہبر نیوز)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کا وفاقی مشیر خزانہ شوکت ترین کے ساتھ ویڈیو لنک اجلاس ہوا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت نے محکموں میں سٹاف کی کمی دور کرنے اور سروس ڈیلوری کے نظام کو بہتر بنانے خصوصاً محکمہ صحت اور پولیس کی استعداد کار میں اضافے کیلئے درکار آسامیوں کی تخلیق کیلئے وفاقی حکومت کو سفارشات بھیجی ہیں جس کو مدنظر رکھتے ہوئے 4ہزار آسامیاں تخلیق کی جائیں۔ گلگت بلتستان پولیس، سکول اور کالجوں، ریسکیو 1122 سمیت دیگر اہم محکموں کیلئے گاڑیوں کی خریداری لازمی ہے جس کیلئے وفاقی وزارت خزانہ این او سی کا اجرا یقینی بنائے۔ حکومت گلگت بلتستان عوام کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ وفاقی وزارت خزانہ گلگت بلتستان کیلئے اضافی گرانٹ کی منظوری دے۔ وفاقی مشیر خزانہ شوکت ترین نے اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی سفارش پر 4ہزار آسامیوں کی تخلیق کی منظوری دیدی اور پولیس، صحت اور دیگر محکموں کیلئے گاڑیوں کی خریداری کیلئے فوری این او سی اجرا کرنے کی ہدایات جاری کی۔ وفاقی مشیر خزانہ شوکت ترین نے دسمبر میں گلگت بلتستان کیلئے اضافی گرانٹ دینے کی بھی یقین دہانی کرائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں