262

میرا ایمان ہے مودی کے حالیہ اقدام کے نتیجے میں کشمیر اب آزاد ہوگا، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مودی کے اقدام کے نتیجے میں میرا ایمان ہے کہ کشمیر اب آزاد ہوگا اور مودی نے 5 اگست کو سنگین غلطی کی جس سے وہ پیچھے نہیں ہٹ سکتا۔

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ صرف اقتدار کی خاطر جمہوریت پسند نہیں بنا بلکہ جمہوریت پسند آدمی ہوں، ملک میں جمہوریت جتنی مضبوط ہوگی وہاں ترقی بھی اتنی زیادہ ہوگی، مغرب اس لیے آگے بڑھا کیوں کہ ان کے پاس جمہوریت آئی اور ہمارے پاس بادشاہت آئی، خوشحال ملکوں کے پاس کلین حکومت ہے، کرپشن نہیں ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کے بیان کے ردعمل میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میری کسی سے ذاتی لڑائی نہیں لیکن گھر میں چوری کرنے والوں سے دوستی نہیں کرسکتا، جنہوں نے ملک لوٹا، ان سے مفاہمت کرنے کا نہ کہیں، امریکا میں کرپشن کرنے والوں کو 30،30 سال جیل میں ڈالا گیا، چین میں بھی کرپٹ عناصر کو سزا دی گئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ کشمیریوں سے کہتا ہوں کہ مایوس نہ ہوں، مودی کے اقدام کے نتیجے میں میرا ایمان ہے کہ کشمیر اب آزاد ہوگا، مودی نے 5 اگست کو سنگین غلطی کی جس سے وہ پیچھے نہیں ہٹ سکتا، مودی نے انتخابات میں پاکستان مخالف جذبات کو ابھارا اور آر ایس ایس کا فلسفہ دنیا کے سامنے رکھا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مودی نے بدحواسی میں کہا میں 11 دن میں پاکستان فتح کرسکتا ہوں حالانکہ دونوں ممالک کے پاس ایٹمی ہتھیار ہیں اور ایسے میں کوئی نارمل انسان ایسی بات نہیں کرسکتا ، مودی صرف اپنے ہندو برادری کو خوش کرنے کے لیے ایسے بیانات دے رہا ہے جب کہ ان کے آرمی چیف نے بھی بیان دیا کہ پارلیمںٹ کے ایک اشارے پر ہم آزاد کشمیر فتح کرلیں گے، گھبرائے ہوئے لوگ ایسے بیانات دیتے ہیں اور وہ اس وقت گھبرائے ہوئے ہی ہیں کیوں کہ وہ پھنس چکے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ آر ایس ایس بھارت میں مسلمانوں پر مظالم ڈھارہے ہیں، اور اب بھارت میں صرف مسلمان نہیں بلکہ دیگر اقلیتوں کو بھی خطرات لاحق ہیں اور بھارت اندرونی حالات سے توجہ ہٹانے کے لیے پلوامہ جیسے حملے کا ڈرامہ رچاسکتا ہے اور وہ فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں پاکستان پر یہ الزام لگائیں گے کہ دہشت گردی پاکستان سے آرہی ہے اور اس آڑ میں کشمیر میں مزید مظالم کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں