178

کورکمانڈرز کانفرنس؛ آرمی چیف کی خطے کی صورتحال کے پیش نظرجنگی تیاریاں بڑھانے کی ہدایت

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خطے کی صورتحال کے پیش نظرجنگی تیاریوں کو بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مخالف عناصرکی طرف سے ہائیبرڈ جنگ جاری ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں 235 ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں کور کمانڈرز کو لائن آف کنٹرول کی صورتحال، ملک میں ٹڈی دل، کورونا، انسداد پولیو مہم، سیلاب کی صورتحال  سمیت علاقائی سلامتی اور آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق کورکمانڈرز کو افغانستان امن عمل، مغربی سرحد کے ساتھ باڑ لگانے میں پیشرفت اور آپریشن ردالفساد کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا جب کہ کور کمانڈرز کانفرنس میں مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف وزریوں پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ فورم نے ایل او سی پر بھارت کی جانب سے امن معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیوں کا جائزہ لیا اور  تمام شعبوں میں مثبت پیشرفت اور ملک میں سیکیورٹی کی بہتر صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خطے کی صورتحال کے پیش نظرجنگی تیاریوں کو بڑھانے کی ہدایت  کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مخالف عناصرکی طرف سے ہائیبرڈ جنگ جاری ہے۔

بشکریہ ایکسپریس نیوز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں