149

پی پی ارکان پر قوتیں دباؤ ڈال رہی ہیں، سب نے استعفے میرے پاس جمع کرادیے ہیں، بلاول

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم صاحب کے پاس مسائل کا حل نہیں تو استعفے دیں اور گھر چلے جائیں۔

ملیر ایکسپریس وے کراچی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خزانہ خالی ہونے کے باوجود ہم نے تنخواہ اور پنشن میں اضافہ کیا، کے تحفظ کیلئے بے نظیر سپورٹ پروگرام شروع کیا اور ایک دن بھی عوام کو لاوارث نہیں چھوڑا تھا، ہمارے پاس عوامی مسائل کا حل ہے، ہم جانتے ہیں عوام کو مشکل حالات سے کیسے نکالا جاسکتا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیراعظم صاحب اگر آپ کے پاس مسائل کا حل نہیں تو استعفے دیں اور گھر چلے جائیں، مشکل حالات میں وزیراعظم کا ایک ہی جواب ہوتا ہے میں کیا کروں؟ کشمیر پر حملہ ہوا تو وزیراعظم نے کہا ’’میں کیا کروں‘‘، آپ کہتے ہیں معاشی اشاریے اچھے ہیں، لیکن لوگ خودکشی کررہے ہیں، پاکستان بنگلا دیش اور افغانستان سے جی ڈی پی میں پیچھے رہ گیا ہے، مشکل حالات میں عمران خان حکومت عوام کو لاوارث چھوڑتی رہی تو عوام کی ناراضگی اور غصہ بے قابو ہوجائے گا۔
بلاول کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتا ہے میری تیاری نہیں تھی تو 22 سال کی جدوجہد میں وہ کیا کررہا تھا، کیا تیاری نہیں کررہا تھا، سندھ سمیت سارے صوبوں کو ان کا حق نہیں دیا جا رہا، این ایف سی ایوارڈ کا پیسا سالہا سال نہیں دیا جاتا۔

بلاول نے مزید کہا کہ پی پی پی کے تمام ارکان اسمبلی نے اپنے استعفے میرے پاس جمع کرادیے ہیں، میرے ہر رکن پر کافی قوتیں دباؤ ڈال رہی ہیں، ان کے خلاف جعلی کیسز بنائے جارہے ہیں اور نیب کو استعمال کیا جارہا ہے، لیکن کوئی قوت ہمیں ڈرا نہیں سکتی، ان قوتوں سے کہتا ہوں میرے لوگوں سے یہ سلوک بند کرو، مجھے مجبور نہ کریں کہ سب کو ایک ایک کرکے قوم کے سامنے بے نقاب کروں کہ ان کا مقصد اور طریقہ کار کیا ہے، ملک میں برابری کی بنیاد پر جمہوری مقابلے کا میدان ہونا چاہیے، عوامی نمائندوں کو بلیک میل کرنے کا سلسلہ نہیں چل سکتا۔

بشکریہ ایکسپریس نیوز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں