153

کابل میں پاکستانی سفارتخانہ فعال ہے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خرجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ کابل میں پاکستانی سفارتخانہ فعال ہے اور کوشش یہی ہے کہ سفارت خانہ بند نہ ہو۔

افغانستان میں طالبان کی حالیہ پیش قدمی پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال تیزی سے تبدیل ہو رہی یے،کابل کی صورتحال کو مسلسل دیکھ رہے ہیں، پاکستان کا ہمیشہ موقف رہا ہے کہ افغانستان میں امن ہو، پاکستان ہمیشہ سے چاہتا ہے کہ سلامتی کی صورتحال مزید خراب نہ ہو۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ کابل میں پاکستانی سفارتخانہ فعال ہے، ابھی سفارتخانہ بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا، سفارتی عملے کی سیکیورٹی کے لیے تمام اقدامات کیے ہیں، پاکستان کی کوشش ہے کہ پاکستانی سفارت خانہ بند نہ ہو، افغانستان میں موجود پاکستانی شہریوں کی امداد کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب افغانستان میں تعینات پاکستانی سفیر منصور احمد خان نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ٹویٹ کی کہ ’کابل اور ملحقہ علاقوں میں موجود پاکستانیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ سفارتخانہ پی آئی اے کے ساتھ بات کررہا ہے تاکہ پاکستانیوں کو باقاعدہ اور اضافی پروازوں سے واپس بھجوایا جاسکے۔ ہم ان لوگوں کی بھی مدد کر رہے ہیں جن کو مالی طورپر کوئی مسئلہ ہے۔ اس سلسلے میں پاکستانی شہری سفارت خانے سے رابطہ کریں۔

واضح رہے کہ طالبان جلال آباد اور مزار شریف کو فتح کرنے کے بعد کابل کے مضافات میں داخل ہوگئے جب کہ ترجمان طالبان نے دارالحکومت میں پُرامن طریقے سے داخل ہونے اور عام معافی کا اعلان کیا ہے.

بشکریہ ایکسپریس نیوز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں