163

کامیاب جوان پروگرام کو جی بی میں وسعت دی جائے گی، صدر مملکت

جی بی میں سیاحت اور ہوٹل انڈسٹری کے حوالے سے وسیع مواقع موجود ہیں، ہوم سٹی منصوبے میں سرمایہ کاری کیلئے کنسپٹ پیپر تیار کیا جائے، ڈاکٹر عارف علوی
تحریک انصاف کی حکومت میرٹ پر یقین رکھتی ہے، تمام نوجوانوں کو بلاتفریق کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضے فراہم کئے جاتے ہیں، عثمان ڈار
کامیاب جوان پروگرام کے حوالے سے گلگت بلتستان میں تشہیر کا مناسب بندوبست نہیں، فزیبلیٹی کی تیار میں مشکلات نہیں آرہی ہیں، وزیر اعلیٰ خالد خورشید


گلگت (رہبر نیوز)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے زیر صدار ت کامیاب جوان پروگرام کو گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں وسعت دینے کیلئے منعقدہ اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم کے مشیر برائے امور نوجوانان عثمان ڈار، وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی اور تمام بینکوں کے سربراہان بھی شریک تھے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کیلئے کامیاب جوان پروگرام انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اس پروگرام کے تحت کئی لوگوں نے اپنا کاروبار شروع کیا ہے اور خوشحال زندگی گزار رہے ہیں۔ گلگت بلتستان میں کامیاب جوان پروگرام کو مزید وسعت دی جائے۔ کامیاب جوان پروگرام کے حوالے سے آگاہی کیلئے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی اور بلتستان یونیورسٹی میں خصوصی پروگرامز منعقد کئے جائیں تاکہ گلگت بلتستان کے نوجوان بھی دیگر صوبوں کے نوجوانوں کی طرح اس پروگرام سے استعفادہ حاصل کریں۔ گلگت بلتستان میں سیاحت اور ہوٹل انڈسٹری کے حوالے سے وسیع مواقع موجود ہیں۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کی جانب سے سیاحت کے فروغ کیلئے سٹے ہوم منصوبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایک ماہ میں حکومت گلگت بلتستان کنسپٹ پیپر تیار کرے جس میں بینکوں کو ہدایت کی جائے گی کہ وہ ہوم سٹے جیسے اہم منصوبے میں سرمایہ کاری کریں۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بینکوں کے سربراہان کو بھی ہدایت کی کہ وہ گلگت بلتستان میں کامیاب جوان پروگرام کوو سعت دینے اور زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو اس پروگرام سے استعفادہ حاصل کرنے میں معاونت فراہم کریں۔ اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم کے مشیر برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میرٹ پر یقین رکھتی ہے اس لئے کامیاب جوان پروگرام کے تحت کسی مخصوص جماعت کے نوجوانوں کو نہیں بلکہ معیار پر اترنے والے تمام نوجوانوں کو بلاتفریق کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضے فراہم کئے جاتے ہیں تاکہ نوجوان اپنا کاروبار شروع کرسکیں۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں کامیاب جوان پروگرام کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان سے پروگرام سے استعفادہ حاصل کرسکیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کامیاب جوان پروگرام کو گلگت بلتستان میں وسعت دینے کیلئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا خصوصی دلچسپی لینے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے حوالے سے گلگت بلتستان میں تشہیر کا مناسب بندوبست نہیں اور اس پروگرام سے استعفادہ حاصل کرنے کیلئے درکار جامعہ فزیبلٹی کی تیاری میں مشکلات کی وجہ سے گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو اس پروگرام سے استعفادہ حاصل کرنے میں مسائل کا سامنا رہا ہے۔ گلگت بلتستان میں پرائیویٹ سیکٹر کے نہ ہونے کی وجہ سے یہاں پر روزگار کا انحصار صرف سرکاری ملازمتوں پر ہے لہٰذا کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کیلئے گلگت بلتستان پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں جس کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت گلگت بلتستان نے فیصلہ کیا ہے کہ بینکوں کے تعاون سے گلگت بلتستان میں ہوم سٹے کا منصوبہ شروع کیا جائے جس کیلئے بینکوں کو ہدایت دی جائے کہ وہ اس منصوبے میں سرمایہ کاری کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں