307

پی ایس ایل 5؛ متبادل پلیئرز کا انتخاب کرلیا گیا

 پی ایس ایل 5 کے لیے متبادل کھلاڑیوں کا انتخاب کرلیا گیا، ریپلیسمنٹ ڈرافٹ میں شامل فرنچائزز نے ابتدائی ڈرافٹ میں منتخب کردہ کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کے باعث متبادل پلیئرزکو مکمل یا جزوی طور پر ایونٹ میں شرکت کیلیے منتخب کرلیا۔

کراچی کنگز نے ریپلیسمنٹ ڈرافٹ میں پک کیے گئے دونوں کھلاڑیوں کو مکمل ایڈیشن کے لیے اسکواڈ میں شامل کیا، پشاور زلمی کی ایک پک مکمل ایڈیشن اور دوسری جزوقتی طور پر اسکواڈ کا حصہ ہوگی، لاہور قلندرز نے مکمل ایڈیشن کیلیے ایک ایک جبکہ ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ وقت تک کیلیے ایک ایک متبادل کرکٹر کا انتخاب کیا ہے۔

پی ایس ایل 2020 کیلیے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کے عمل میں منتخب شدہ کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کے باعث ریپلیسمنٹ ڈرافٹ کا انعقاد کیا گیا تھا۔جو کھلاڑی ابتدائی ڈرافٹ سے قبل ہی عدم دستیابی ظاہر کرچکے تھے ان فرنچائززکو ریپلیسمنٹ ڈرافٹ میں پہلے پکس دی گئیں۔

ریپلیسمنٹ ڈرافٹ میں کراچی کنگز نے مکمل ایڈیشن کے لیے اسکواڈ میں 2تبدیلیاں کی ہیں۔ اس سلسلے میں لیام پلنکٹ (گولڈ، سپلیمنٹری) کی جگہ نیوزی لینڈ کے مچل میکلینگن(گولڈ) اور انگلینڈ کے ڈین لارنس (سلور)کی جگہ ویسٹ انڈیز کے چیڈوک والٹن (سلور)کو اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا۔ لیام پلنکٹ انجری اور ڈین لارنس نیشنل ڈیوٹی کے باعث کراچی کنگز کو دستیاب نہیں ہوں گے۔مچل میکلینگن گذشتہ ایڈیشن میں لاہور قلندرز جبکہ چیڈوک والٹن ایڈیشن 2018اور 2019میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

پشاور زلمی نے جنوبی افریقہ کے ڈوائن پریٹوریئس (سلور) کی جگہ انگلینڈ کے لوئس گریگری (سلور) کو مکمل ایڈیشن کے لیے اسکواڈ میں شامل کرلیا، ڈیوائن پریٹوریس بھی نیشنل ڈیوٹی کے باعث پشاور زلمی کو دستیاب نہیں ہونگی۔ ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے درمیان سیریز کے باعث آل راؤنڈر کیرون پولارڈ (پلاٹینیم) 7 مارچ تک پشاور زلمی کو دستیاب نہیں ہوں گے لہٰذا پشاور زلمی نے کیرون پولارڈ کی جگہ کارلوس بریتھ ویٹ (ڈائمنڈ) کو جزوی طور پر اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔ کارلوس بریتھ ویٹ گذشتہ ایڈیشن میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

اسی طرح نیشنل ڈیوٹی کے باعث ویسٹ انڈیز کے فابیئن ایلن (سلور) بھی مارچ کے پہلے ہفتے تک ملتان سلطانزکو دستیاب نہیں ہونگی۔ فابیئن ایلن کی جگہ انگلینڈ کے وائن میڈیسن (سلور) مقررہ وقت تک ملتان سلطانز کا حصہ ہونگے۔ویسٹ انڈیز کے لینڈل سمنز(ڈائمنڈ، سپلیمنٹری) نجی وجوہات کے باعث ایونٹ میں شرکت نہیں کررہے لہٰذا ان کی جگہ جنوبی افریقہ کے ڈین ولاز (گولڈ) مکمل ایڈیشن میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرینگے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے نیشنل ڈیوٹی کے باعث 7 مارچ تک عدم دستیاب کیمو پاول (سلور، سپلیمنٹری) کی جگہ لیگ اسپنرزاہد محمود (سلور)کو جزوی طور پر اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں