202

ساؤتھمپٹن ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم فالوآن کا شکار، دوسری اننگز میں بیٹنگ جاری

ساؤتھمپٹن: ساؤتھمپٹن ٹیسٹ میں انگلینڈ کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 273 پر آؤٹ ہونے کے بعد فالو آن کا شکار ہوئی اور اب دوسری اننگز میں قومی ٹیم کی بیٹنگ جاری ہے۔

انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے تیسرے اور آخری میچ کے چوتھے دن کا کھیل جاری ہے۔ پہلی اننگز میں فالو آن کا شکار ہونے کے بعد پاکستانی ٹیم کی دوسری اننگز میں بیٹنگ جاری ہے اور 41 رنز پر قومی ٹیم کی کوئی وکٹ نہیں گری۔

اس سے قبل انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 583 رنز کا مشکل ترین اسکور کیا جس کے جواب میں قومی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 273 رنز تک ہی محدود رہی۔ کپتان اظہر علی اور وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا۔ اظہر علی نے مشکل صورتحال میں 141 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ محمد رضوان 53 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
یہ پڑھیں : اظہرعلی کے ٹیسٹ کرکٹ میں 6 ہزار رنز مکمل

پاکستان کے 6 کھلاڑیوں نے مجموعی طور پر 14 رنز بنائے۔ 11 سال بعد موقع پانے والے فواد عالم بھی صرف 22 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جب کہ پاکستانی بیٹنگ لائن کے سب سے مضبوط کردار بابراعظم بھی صرف 11 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ اسد شفیق کو ایک بار پھر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، ان کی اننگز 5 رنز تک محدود رہی۔ شان مسعود 4، عابد علی 1 اور یاسر شاہ 20 رنز بناکرآؤٹ ہوئے۔

بالنگ سائیڈ میں انگلش بالر اینڈریسن چھائے رہے، انہوں ںے پانچ کھلاڑی آؤٹ کیے، 23 اوور کرائے اور محض 56 رنز دیے۔ براڈ نے دو، مارک بیس اور ووکس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جب کہ ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔

واضح رہے کہ 3 ٹیسٹ میچوں کی اس سیریز میں انگلینڈ کو پاکستان کے خلاف ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

بشکریہ ایکسپریس نیوز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں