174

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں ہاکی فیڈریشن کے حکام پھٹ پڑے

اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے اجلاس میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حکام پھٹ پڑے۔

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس آغا حسن بلوچ کی صدارت میں ہوا، جس میں اس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہوگئی جب کمیٹی چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے امور کے بارے آگاہ کیا جائے تو ان ہی بتایا گیا کہ پی سی بی سے متعلق سوال اور بورڈ سے تفصیلات رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر مہرین بلوچ نے طلب کی تھیں لیکن وہ اس وقت غیر حاضر ہیں لہذا اس سوال کو آئندہ اجلاس تک لئے موخر کردیا گیا۔ چیرمین نے ہدایت کی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے امور کا جائزہ لینے کے لئے لاہور میں آئندہ اجلاس طلب کیا جائے۔

ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید نے کہا کہ ہاکی دنیا کا مہنگی ترین کھیل بن چکا ہے اس کھیل میں کھلاڑیوں کے جوتے 16 ہزار روپے اور گول کیپر کی کٹ 3 لاکھ روپے کی ہے۔ پاکستان سے کھیلوں کا سامان برآمد کیا جاتا ہے لیکن اپنے کھلاڑیوں کے پاس سامان نہیں۔ ہاکی کی تنزلی کی ایک وجہ تعلیمی اداروں میں اسپورٹس کوٹہ 10 فیصد کی جگہ ایک فیصد کر دینا ہے۔ پی ایچ ایف کے حکام نے مطالبہ کیا کہ ملک میں ہاکی کی حیات نو کیلئے حکومتی سطح پر اقدامات کئے جائیں۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن سیکٹری جنرل آصف باجوہ نے کہا کہ پی ایچ ایف نے پانچ سال کا پلان تشکیل دیا ہے جس کو جلد عملی جامہ پہنایا جائے گا، ہم اعزازی طو ر پر کام کرتے ہیں جب کہ کرکٹ کے کوچ مصباح الحق کو 35 لاکھ روپے ماہانہ ملتے ہیں ، ہمیں ایک انٹرنیشنل ٹور کے لئے ایک کروڑ روپے سے زائد کی ضرورت ہوتی ہے، بھارت، آسٹریلیا اور دیگر ممالک خطیر رقم خرچ کرتے ہیں جبکہ ہمارے کھلاڑیوں کے پاس روز گار تک نہیں ہے ۔

بشکریہ ایکسپریس نیوز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں