166

خوشدل شاہ ٹی ٹوئنٹی میں تیز ترین سنچری بنانے والے پاکستانی بن گئے

راولپنڈی: خوشد شاہ نے پاکستان کی جانب سے تیز ترین سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

راولپنڈی میں جاری نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کا دوسرے مرحلے میں سندھ اور سدرن پنجاب کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہوا، آخری اوورمیں سدرن پنجاب نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نہ صرف سندھ کو شکست دی بلکہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ کا دوسرا بڑا ہدف پورا کرنے کا بھی اعزاز حاصل کیا۔

سدرن پنجاب کے بلے باز خوشدل شاہ نے سنچری بناکر اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ نوجوان بیٹسمین نے 35 گیندوں پر سنچری اسکور کی جس میں 9 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔ اس طرح وہ ٹی ٹوئنٹی میں تیز ترین سنچری بنانے والے پاکستانی بن گئے۔

اس سے قبل یہ اعزاز قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز احمد شہزاد کے پاس تھا جنہوں نے 2012 میں 40 گیندوں پر سنچری اسکور کی تھی۔

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں عالمی سطح پر خوشدل شاہ تیز ترین سنچری بنانے والے پانچویں بلے باز بن گئے، اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج بلے باز کرس گیل 30، بھارتی وکٹ کیپر بلے باز رشب پنٹ 32، وہان لیوب 33 اور آسٹریلیا کے اینڈریو سائمنڈز 34 گیندوں پر سنچری بناچکے ہیں جب کہ جنوبی افریقا کے ڈیوڈ ملر، بھارت کے روہت شرما 35،35 گیندوں پر یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

بشکریہ ایکسپریس نیوز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں