147

ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ شروع

کراچی: کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے دیے گئے 157 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے کے لیے  اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ کا آغاز ہوگیا۔ 

اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹر نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز مکمل کیے۔اپنی اننگز کے پہلے ہی اوور میں کوئٹہ کو ایک وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا۔ پہلے  اوور میں حسن علی کی گیند پر کوئٹہ کے  صائم ایوب 5 رن بنا کر پال اسٹرلنگ کے ہاتھوں کیچ ہوکر پویلین  لوٹ گئے اور 7 کے اسکور پر کوئٹہ کی پہلی وکٹ گر گئی۔تیسرے اوور کی پہلی ہی گیند پر فہیم اشرف نے ڈیل پورٹ کو بولڈ کردیا۔ اس طرح 21 رنز پر کوئٹہ گلیڈی ایٹر ایک اور وکٹ گر گئی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی بیٹنگ ابتدائی اوور میں  مسلسل مشکلات کا شکار رہی اور چوتھے اوور کی تیسری گیند پر ایک اور وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا۔ حسن علی کی گیند پر  کوئٹہ کے بلے باز ڈوپلیسی ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ چار اوور کے اختتام پر کوئٹہ کا مجموعی اسکور 3 وکٹوں کے نقصان پر 31 رنز تھا۔

چھٹے اوور کی پانچویں گیند پر کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی ایک اور وکٹ گرگئی۔ کوئٹہ کے اعظم کے خان اس میچ میں بھی پرفارمنس نہ دکھا سکے اور فہیم اشرف کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ فہیم اشرف نے اپنی دوسری وکٹ حاصل کی اور 41 کے مجموعی اسکور پر کوئٹہ کی 4 وکٹین گر گئیں۔

دسویں اوور میں شاداب کی گیند پر بین کٹنگ وکٹ کیپر روحیل نذیر کے ہاتھوں اسٹمپ ہوگئے۔ دس اوور کا کھیل مکمل ہونے پر پانچ وکٹوں کے نقصان کے ساتھ  کوئٹہ کا مجموعی اسکور  72 رنز ہوگیا۔

تیرہویں اوور میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے کپتان سرفراز احمد نے چھکوں کی برسات کردی۔ انہوں نے اسلام آباد کے گلیڈی ایٹر کے بالر افتخار کی گیندوں پر لگا تار 4 چھکے لگائے۔ اس طرح تیرہویں اوور کے اختتام پر کوئٹہ کا مجموعی اسکور 113 پر پانچ کھلاڑی آؤٹ ہوگیا۔ 14 ویں اوور کی تیسری گیند پر سرفراز احمد نے اپنی نصف سینچری بھی مکمل کرلی۔ انہوں نے 31 گیندیں کھیل کر نصف سینچری مکمل کی۔

سرفراز احمد سترہویں اوور میں اسلام آباد کے بالر فہیم اشرف کی گیند پر 54 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔  17 اوور  مکمل ہونے پر 6 وکٹوں کے نقصان پر کوئٹہ کا اسکور 134 رنز رہا۔

اننگز کا بیسواں اوور قدرے طویل رہا جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے بالر محمد موسی نے لگا تار 3 وائڈ بالز کروائیں۔ کوئٹہ کے زاہد محمد اس اوور میں رن آؤٹ ہوئے۔ محمد نواز 29 گیندوں پر 31 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ کوئٹہ نے سات وکٹوں کے نقصان پر 156 کا اسکور بنایا۔

اسلام آباد کے فہیم اشرف کام یاب ترین بالر رہے انہوں نے 11 رن دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ حسن علی نے  23 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں اور کپتان شاداب خان نے 25 رن دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے 16 فاضل رنز دیے۔

پی ایس ایل میں آج ہونے والے میچ کا ٹاس اسلام آباد یونائیٹڈ نے جیت کر فیلنڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ اسلام آباد اور کوئٹہ کے مابین گذشتہ روز ملتوی ہونے والا میچ آج کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد ہورہا ہے۔اسلام آباد یوناٸٹیڈ کے دو غیر ملکی کھلاڑی کوروناکےباعث ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔

ترجمان پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل کے اصول کے مطابق کم از کم تین غیر ملکی کھلاڑی کھیل سکتے ہیں۔ ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی نے فرنچائز کودو غیر ملکی کھلاڑی کھلانے کی اجازت دے دی۔

بشکریہ ایکسپریس نیوز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں