187

گرین کیپس دیارِ غیرمیں 3 برس بعد سرخرو ہوگئے

کراچی: گرین کیپس دیار غیرمیں 3 برس بعد پہلے میچ جیت میں سرخروہو گئے۔

ٹیم نے9 برسوں میں پہلی بار کوئی ٹیسٹ 3 دن میں جیتا، زمبابوے کیخلاف ہرارے میں پاکستان اننگز اور 116 رنز سے کامیاب رہا، اس سے قبل قومی ٹیم نے 2012 میں انگلینڈ کیخلاف دبئی ٹیسٹ میں 3 دنوں کے اندر فتح کو مقدر بنایا تھا۔

حالیہ میچ میں پیسر حسن علی نے دوسری اننگز میں 5 شکار کرکے میچ میں مجموعی وکٹوں کی تعداد 9 کرلی،وہ پہلی باری میں 30 رنز بھی بنانے میں کامیاب رہے تھے، آل راؤنڈ پرفارمنس پر انھیں میچ کا بہترین کھلاڑی چناگیا، اسی کے ساتھ حسن علی نے کیریئر کے 12 ویں میچ میں وکٹوں کی ففٹی بھی مکمل کرلی، ان سے قبل عمرگل، دانش کنیریااور پرویز سجاد نے بھی 12، 12 میچز میں ابتدائی 50 ٹیسٹ وکٹیں اپنے نام کرلی تھیں۔
پاکستان کیلیے تیزترین وکٹوں کی ففٹی بنانے کا ریکارڈ اسپنر یاسر شاہ کے قبضے میں ہے، انھوں نے 9 میچز میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا، ٹیسٹ کرکٹ میں کسی بھی بولر کو مسلسل 2 میچز میں 10 وکٹیں حاصل کیے ہوئے 14 برس بیت چکے ہیں، آخری بار یہ کارنامہ جنوبی افریقی پیسر ڈیل اسٹین نے 2007 میں انجام دیا تھا۔

ہرارے میں حسن علی نے کیریئر کی بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے دوسری اننگز میں 36 رنز کے عوض 5 شکار کیے،اگر وہ ایک وکٹ اور لے لیتے توریکارڈ بن جاتا،انھوں نے اس سے قبل جنوبی افریقہ کیخلاف راولپنڈی ٹیسٹ میں 10 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

دریں اثنا بابر اعظم نے بطور ٹیسٹ کپتان تیسرا میچ جیت کر فتوحات کے اپنے ریکارڈ کو سو فیصد برقرار رکھا۔
بشکریہ ایکسپریس نیوز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں