164

پی ایس ایل 6؛ کراچی اور لاہور سے خصوصی پروازیں ابوظہبی روانہ

کراچی: پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز میں شرکت کے لیے کراچی اور لاہور سے خصوصی پروازیں ابو ظہبی روانہ ہوگئیں۔

پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچز میں شریک کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف، براڈ کاسٹرز اور آفیشلز کو لے کر کراچی سے پی آئی اے کی چارٹرڈ فلائٹ پی کے 25 منٹ کی تاخیر سے شام پانچ بجکر25 منٹ پر اڑان بھری، طیارے میں 57 مسافر تھے جب کہ 65 مسافروں کی روانگی طے تھی تاہم ویزے نہ ملنے کی وجہ سے کویٹہ گلیڈی ایٹر کی قیادت کرنے والے سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد اور محمد حسنین روانہ نہ ہو سکے۔

کراچی سے ابو ظہبی جانے والے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی خصوصی انتظامات کے تحت جناح ٹرمینل کی بجائے اولڈ ٹرمینل سے روانگی ہوئی، روانگی سے قبل میڈیکل اسٹاف نے طبی معائنہ کے ساتھ کوویڈ19 ٹیسٹ رپورٹس کی دستاویز کی جانچ پڑتال کی جبکہ سفری دستاویزات کی جانچ کے لیےامیگریشن کا اسپیشل عملہ بھی تعینات کیا گیا تھا۔
قبل ازیں ان پروازوں کی دوپہر 1 بجے ابو ظہبی روانگی بعض پیچیدگیوں کے سبب موخر کردی گئی تھی، پی سی بی حکام نےفرنچائز مالکان کو آن لائن اجلاس میں تمام پیشرفت سے آگاہ کرنے کے ساتھ بھارت اور جنوبی افریقہ کی چارٹرڈ فلائٹس کو لینڈنگ کی اجازت سے متعلق غیرمتوقع تاخیر پر بھی آگاہ کیا۔

دوسری جانب لاہور اور کراچی کے ہوٹلوں میں 25 کے لگ بھگ افراد ہنوز متحدہ عرب امارات کی جانب سے ویزوں کے اجراء کے منتظر ہیں جن میں سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد اور فاسٹ بولر محمد حسنین بھی شامل ہیں، بائیو سیکیور ببل میں موجود یہ افراد ویزوں کے اجراء پر الگ خصوصی پرواز سے ابوظہبی جائیں گے۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ لیگ میں شریک کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف، براڈ کاسٹرز اور آفیشلز کو لے کر خصوصی پروازوں نے شیڈول کے تحت بدھ کو اپنی منزل کی جانب روآنہ ہونا تھا تاہم بعض پاکستانی اور غیرملکی کرکٹرز اور براڈ کاسٹنگ عملہ کے ارکان کو ویزے جاری نہ ہونے پر چارٹرڈ فلائٹس کو ایک دن کے لیے موخر کیا گیا تھا، تاہم جمعرات کی دوپہر ایک بجے شیڈول پرواز میں بھی تاخیر ہوئی۔
بشکریہ ایکسپریس نیوز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں