187

تیسرا ون ڈے؛ پاکستان کے 331 رنز کے جواب میں انگلینڈ کی بیٹنگ

برمنگھم: تیسرے اور آخری ون ڈے میں پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 332 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں میزبان ٹیم کی بیٹنگ جاری ہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کا آخری میچ برمنگھم میں کھیلا جارہا ہے جس میں پاکستان نے بابراعظم  کی کیریئر بیسٹ اننگز کی بدولت انگلینڈ کے خلاف مقررہ 50 اوورز میں 331 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے فخرزمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا تاہم فخر ایک بار پھر ناکامی سے دوچار ہوئے اور صرف 6 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے تاہم امام الحق سست روی سے بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری بنانے میں کامیاب رہے وہ 56 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

ابتدائی دونوں میچوں میں ناکام رہنے والے کپتان بابراعظم نے اس بار ذمہ داری کا مظاہر کرتے ہوئے پہلے امام الحق اور پھر محمد رضوان کے ساتھ اہم شراکت قائم کی اس دوران وہ کیریئر کی 14ویں سنچری بنانے میں بھی کامیاب رہے۔ اس دوران محمد رضوان نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی۔

بابراعظم کیریئر کی بہترین اننگز کھیلتے ہوئے ایک روزہ کرکٹ میں اپنا سب سے بڑا اسکور بناڈالا۔ یہی نہیں قومی ٹیم کے کپتان نے 158 رنز بناکر انگلینڈ کے خلاف سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے والے کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔ اس سے قبل امام الحق نے 2019 میں انگلینڈ کے خلاف 151 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

محمد رضوان 74 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے اور صہیب مقصود صرف 8 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ فہیم اشرف 10، حسن علی 4، شاداب خان کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ کی جانب سے بریڈن کرس نے 5 اور ثاقب محمود نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز انگلینڈ پہلے ہی اپنے نام کرچکا ہے، میزبان ٹیم نے قومی ٹیم کو ابتدائی دونوں ون ڈے میچز میں با آسانی شکست دی تھی۔

بشکریہ ایکسپر یس نیوز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں