160

انسان سے بہتر ڈانس کرنے والے روبوٹ کی ویڈیو وائرل

بوسٹن: انسان نما روبوٹ بنانے والی مشہور کمپنی بوسٹن ڈائنامکس کی جانب سے روبوٹس کو ڈانس سکھایا گیا ہے۔ ویڈیو میں روبوٹس انتہائی ماہرانہ انداز میں رقص کی ادائیں دکھاتے ہیں اور اچھلتے کودتے روبوٹ اس طرح قدم رکھتے ہیں جو ماہر ڈانسر بھی نہیں کرسکتے۔

اس کی وائرل ہوتی ہوئی ویڈیو ہزاروں لاکھوں افراد نے دیکھی ہے۔ اس سے قبل بوسٹن ڈائنامکس کے روبوٹ مختلف کرتب دکھانے، الٹی چھلانگ لگانے، پارکر، برتن دھونے اور دروازے کھولنے جیسے کام کرچکے ہیں۔ لیکن اس مرتبہ انہوں  نے 1960 کے ایک مشہور گانے ’ ڈو یو لوو می‘ پر ڈانس کرکے دنیا کو حیران کردیا ہے۔ روبوٹ کی اس مہارت کو دیکھ کر حیرت ہوتی ہے کہ آخر وہ کسطرح اپنا توازن قائم رکھتےہیں۔


اس ویڈیو کو دیکھتے وقت کئی مرتبہ یہ خیال آتا ہے کہ انسان کسطرح کی مشینوں سے زبردست ڈانس کرواسکتا ہے اور کئی مرتبہ تو ان پر سی جی آئی اینی میشن کا گمان ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ بوسٹن ڈائنامکس کمپنی ہیونڈائی کار ساز کمپنی نے ایک ارب ایک کروڑ ڈالر میں خرید لی ہے۔ بوسٹن ڈائنامکس کی بنیاد 1992 میں رکھی گئی تھی جس نے پہلے چوپائے روبوٹ بنائے تھے۔

بشکریہ ایکسپریس نیوز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں