160

متحدہ عرب امارات کا خلائی جہاز امریکا اور چین سے بازی لے گیا

ابوظہبی: گزشتہ برس زمین سے اپنے سفر کا آغاز کرنے والے امریکا، چین اور متحدہ عرب امارات کے خلائی جہازوں میں سب سے پہلے امارات کا خلائی جہاز مریخ کے مدار پر پہنچ رہا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ برس جولائی میں ایک دوسرے سے صرف کچھ دن کے فرق سے اپنے سفر کا آٓغاز کرنے والے خلائی جہاز کروڑوں میل کا سفر طے کرنے کے بعد مریخ کے مدار کے قریب پہنچ گئے ہیں۔

تینوں خلائی جہازوں میں سے متحدہ عرب امارات کا خلائی جہاز سب سے پہلے آج کسی وقت مریخ کے مدار تک پہنچ جائے گا جب کہ چین کے خلائی جہاز کو اب بھی مزید ایک دن لگے گا اسی طرح ناسا کا خلائی جہاز سب سے آخر میں یعنی 18 فروری کو پہنچے گا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ متحدہ عرب امارات جو مریخ پر پہنچنے کی دوڑ میں سب سے نیا ہے اب سب سے پہلے مریخ پر پہنچ رہا ہے۔

چین نے 2011 میں بھی کوشش کی تھی لیکن وہ کامیاب نہیں ہوسکا تھا جب کہ امریکا اس پہلے بھی معرکہ سر کر چکا ہے۔

متحدہ عرب مارات میں اس تاریخی لمحے کو دیکھنے اور محفوظ کرنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جب کہ اماراتی مریخ مشن کے پروجیکٹ مینیجر عمران شریف کا کہنا ہے کہ ہم پُر جوش ہیں لیکن کچھ ڈرے ہوئے بھی ہیں۔

جہاں مریخ کے مدار تک پہنچنے لے لیے تین خلائی گاڑیوں کی لائن لگی ہوئی ہے وہیں اس وقت مریخ کے مدار پر مجموعی طور پر 6 خلائی گاڑیاں موجود ہیں یعنی اب بھی 3 امریکی، 2 یورپی اور ایک بھارتی خلائی گاڑی مدار پر زیر گردش ہیں۔

واضح رہے کہ مریخ پر کامیابی سے لینڈنگ کرنے والے ممالک امریکا اور روس ہیں جب کہ اب بھی مریخ کی سطح پر 2 امریکی خلائی جہاز فعال حالت میں موجود ہیں۔

بشکریہ ایکسپریس نیوز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں