322

سیکریٹری بلدیات گلگت بلتستان بدنیتی اور علاقائی تعصب کی وجہ سے محکمہ بلدیہ ہنزہ کی 26آسامیاں مشتہر نہیں کررہے ہیں: صدر ظہور کریم ایڈووکیٹ

ہنزہ (پ ر)پیپلزپارٹی ضلع ہنزہ کے صدر ظہور کریم ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ سیکریٹری بلدیات گلگت بلتستان بدنیتی اور علاقائی تعصب کی وجہ سے محکمہ بلدیہ ہنزہ کی 26آسامیاں مشتہر نہیں کررہے ہیں جس کی وجہ سے ہنزہ کے نوجوان صرف ڈگریاں ہاتھوں میں لے کر گھومنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے بدھ کے روز میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہنزہ میں سو فیصد شرح خواندگی ہونے کے باوجود علاقے کے نوجوانوں کو سرکاری نوکریوں میں نظر انداز کرکے نہیں لگایا جارہا ہے،

تمام سرکاری نوکریوں میں سفارشی بنیادوں پر بھرتیاں ہونے کی وجہ سے قابل اور اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان دیوار سے لگ رہے ہیں، جس کی وجہ سے پڑھی لکھی یوتھ فرسٹریشن کا شکار ہو کر غیر سماجی معاملات کی طرف جانے پر مجبور ہیں۔ہنزہ ضلع بننے ہوئے کئی سال ہوچکے ہیں لیکن وہاں گریڈ 14سے نیچے کے 121غیر مقامی ملازمین کو اپنے اپنے اضلاع منتقل نہیں کرنے کی وجہ سے علاقے کے نوجوانوں کا حق غصب ہورہاہے،کئی بار چیف سیکریٹری اور فورس کمانڈر و دیگر اعلیٰ حکام کے نوٹس میں لانے کے باوجود اس پر کوئی عمل درآمد نہیں ہوپارہا ہے۔

گریڈ 14سے نیچے 121ملازمین کے حوالے سے کئی بار ہنزہ میں احتجاج بھی کی گئی لیکن اعلیٰ حکام ٹس سے مس نہیں ہورہے ہیں جس کے نتائج مستقبل قریب میں انتہائی بیانک نکلنے کے خدشات ہیں۔انہوں نے کہا سیکریٹری بلدیات ثناء اللہ نے اس سے قبل بھی ہنزہ کی گریڈ 9کی پوسٹ پر کسی اپنے بندے کو نواز چکے ہیں جس کے خلاف عدالت میں جانے کیلئے رٹ دائر کرنے کی تیاری کی جارہی ہے اور بہت جلد اس کے خلاف عدالت جائیں گے۔

انہوں نے چیف سیکریٹری گلگت بلتستان و دیگر اعلیٰ حکام کو تنبہ کرتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر سیکریٹری بلدیات کے حوالے سے ایکشن لیتے ہوئے ہنزہ میں محکمہ بلدیات کی 26پوسٹوں کو مشتہر کرواکے ان پر میرٹ کی بنیاد پر بھرتیاں کروانے کیلئے احکامات جاری کئے جائیں بہ صورت دیگر اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں سمیت عوام کو لے کر شاہراہ قراقرم بند کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں