253

بلتستان یونیورسٹی کا دو روزہ ٹریننگ سیشن اختتام پذیر ہوا

اِختتامی مراحل میں کنٹرول امتحانات نے تفصیلی بریفنگ دی، کیمپس مینجمنٹ سسٹم پر بھی گفتگو سیشن اِنتہائی مفید رہا، مختلف پہلوؤں سے بلتستان یونیورسٹی کا سسٹم منفرد ہے، شرکاء کے تاثرات
سکردو(پ ر) پروفیشنل ڈیویلپمنٹ سینٹر بلتستان یونیورسٹی کی طرف سے منعقدہ دو روزہ تعارفی و ٹریننگ سیشن اِختتام پذیر ہوا۔ آج (بروز جمعہ) کے سیشن کا آغاز کنٹرول اِمتحانات ڈاکٹر غلام رضانے بلتستان یونیورسٹی میں رائج اِمتحانات کے طریقہ پر تفصیلی بریفنگ سے کیا۔ اُنہوں نے اُس پورے سسٹم کی باریکیوں سے شرکاء کو آگاہ کیا جو اِس وقت بلتستان کی بنیادی اِکائی میں شمار ہوتا ہے۔ ڈاکٹر غلام رضا نے شعبہ امتحانات کے مشن اور وژن کی وضاحت کی اوربتایا کہ ہمارا طریقہ امتحانات جدید ٹیکنالوجی اور عصری تقاضوں سے مکمل ہم آہنگ ہے۔ ٹرانسکرپٹ اور سند کی تیاری کیلئے ہم نے مضبوط نظام متعارف کرایا ہے اس سلسلے میں ہماری جامعہ کا نظام کسی بھی ملکی جامعہ سے کمزور نہیں ہے۔مکمل طور پر ڈیجیٹلائزڈ ہے اور کسی بھی خامی یا نقص سے ماورا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے امتحان کے طریقہ کار اور مضبوط نظام کو دیکھتے ہوئے دیگر اضلاع سے لوگ ہم سے رابطے کررہے ہیں۔ ڈاکٹر رضا نے مزید بتایا کہ ہم نے شعبہ جاتی کمیٹیاں تشکیل دی ہوئی ہیں اور وہ کمیٹیاں متعلقہ شعبہ جات کے تمام تر امتحانی مسائل حل کرنے کی مجاز ہیں۔ انہوں نے نووارد اساتذہ اور اِنتظامی آفیسران کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہمارے سمسٹر قوانین ابھی ترتیب پانے اورمنظم ہونے کے مراحل میں ہیں۔ آپ سب کی مشاورت ہمیں مزید بہتری کی جانب گامزن کرے گی۔ لرننگ مینجمنٹ سسٹم سے وابستہ امجد علی نے اپنی بریفنگ میں آن لائن حاضری،طلبہ کے نتائج کی جمع آوری، اسائمنٹ اپ لوڈ کرنے کے طرائق سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اپنی گفتگو میں بتایا کہ بلتستان یونیورسٹی کا لرننگ مینجمنٹ سسٹم جدید جامعات سے مکمل ہم آہنگ ہے بلکہ کئی جامعات سے بہتر اندازمیں کام کرتا ہے۔ اِختتامی کلمات ادا کرتے ہوئے رجسٹرار بلتستان یونیورسٹی وسیم اللہ جان ملکؔ نے کہا کہ ہمارا یہ عمل(سیشن) سیکھنے اور بہتر سے بہتر کی جانب بڑھنے کا اہم عنصر تھا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان نے کامیاب سیشن کے انعقاد پر ستائش کی ہے۔ ہم یقین دلاتے ہیں کہ ہماری یہ ٹریننگ مزید سیشنز اور پروگرامز کی بنیاد بنے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں