158

دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کا کردار قابل ستائش ، ملک کی دفاع کیلئے ہر طرح کی قربانی دینگے، امجد ایڈووکیٹ

گلگت (پ۔ر) قائد حزبِ اختلاف گلگت بلتستان اسمبلی و صوبائی صدر پیپلز پارٹی گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں حکومتی رٹ مکمل طور پر ختم ہوگئی ہے۔ حالات روز بروز بگڑتے جا رہے ہیں۔ قراقرم یونیورسٹی کی بندش قوم کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کے مترادف ہے۔ گلگت بلتستان کو مسائل کی آماجگاہ بنا کر صوبائی حکومت گھوڑے بیچ کر سو رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ اور وزراء اگر حکومتی رٹ برقرار نہیں رکھ سکتے تو استعفیٰ دے کر گھر چلے جائیں تاکہ گلگت بلتستان کے عوام کو مزید پریشانیوں سے نجات مل سکے۔ مہنگائی کے مارے عوام مزید کسی مسئلے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے یوم دفاع کے موقع پر کہا ہے کہ ملک و قوم کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ شہداء کے لہو نے ہمیشہ قوم کو زندگی بخشی ہے۔ ہمیں اپنی بہادر افواج پر فخر ہے جنہوں نے دشمن کو دن میں تارے دکھا دئے اور ان کی کمر توڑ کر رکھ دی۔بزدل دشمن نے رات کے اندھیرے میں گیدڑوں کی طرح حملہ کیا مگر پاک فوج کے شیر دل جوانوں نے ان کے ناپاک عزائم کو چکنا چور کردیا اور دشمن کو منہ کی کھانی پڑ گئی۔ اس جنگ میں پوری قوم نے عملی طور پر ثابت کیا کہ وہ اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے۔ شہدا نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے قوم کے مستقبل کو محفوظ بنایا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کا بھی ملکی سلامتی و استحکام میں اہم کردار رہا ہے اور ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید نے جوہری طاقت سے اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے میزائل ٹیکنالوجی کے ذریعے وطن عزیز کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیا اور پیپلز پارٹی کے قائدین اور کارکنوں نے دہشتگردی کے خلاف سینہ سپر ہو کر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان یوم دفاع کے موقع پر یہ عہد کرتی ہے کہ ہم آئندہ بھی ارض پاک کی سلامتی اور دفاع کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج,دیگر سکیورٹی فورسز اور پاکستان کے عوام نے جو قربانیاں دی ہیں اس پر تمام شہدا اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں