182

بلڈ پریشر کی عام دوا آپ کی عمر بھی طویل کرسکتی ہے، تحقیق

وساکا: جاپانی سائنسدانوں نے دریافت کیا ہے کہ بلڈ پریشر کی ایک عام دوا ’’میٹولیزون‘‘ خلیوں کی مرمت شروع کرکے عمر بڑھانے میں بھی مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ یہ نتائج ’سی ایلیگنز‘ کہلانے والے کیچووں پر تجربات سے حاصل کیے گئے ہیں۔

میٹولیزون جب کسی خلیے میں جذب ہو کر اس کے ایک اہم جزو ’’مائٹو کونڈریا‘‘ تک پہنچتی ہے تو خاص طرح کا حیاتی کیمیائی عمل شروع کروا دیتی ہے جسے ’’مائٹو کونڈریئل ان فولڈڈ پروٹین رسپانس‘‘ (یو پی آر ایم ٹی) کہا جاتا ہے۔

قدرتی طور پر یہ عمل مائٹو کونڈریا کی مرمت کرتا ہے جس کے نتیجے میں عمومی صحت برقرار رہتی ہے۔ البتہ عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ ’’یو پی آر ایم ٹی‘‘ کا عمل کم ہوتا چلا جاتا ہے۔ نتیجتاً صحت کی عمومی خرابی اور بڑھاپے کی علامات نمایاں ہونے لگتی ہیں۔
تاہم، اگر یہ عمل اپنی بھرپور کارکردگی کے ساتھ جاری رہے تو خلیے میں توانائی کا مرکز یعنی ’’مائٹو کونڈریا‘‘ بھی مؤثر طور پر اپنی ٹوٹ پھوٹ کا ازالہ کرتا رہتا ہے۔

ظاہری طور پر دیکھا جائے تو اسی وجہ سے بڑھاپے کی علامات بھی بہت کم نمودار ہوتی ہیں جبکہ عمومی صحت بھی بہتر رہتی ہے؛ اور یہ دونوں عوامل آپس میں مل کر ہماری عمر میں اضافے کا باعث بنتے ہیں۔

میٹولیزون کے بارے میں یہ مفروضہ کچھ سال پہلے سامنے آیا تھا کہ شاید یہ دوا مائٹو کونڈریا کی مرمت کرتے ہوئے ہماری عمر میں اضافے کا سبب بن سکتی ہے۔

کم از کم ابتدائی مرحلے پر اس مفروضے کی تصدیق ہوگئی ہے لیکن ابھی اسے انسانوں پر آزمانا باقی ہے۔

کیونکہ یہ دوا گزشتہ پچاس سال سے استعمال ہورہی لہذا عمر بڑھانے کے لیے انسانوں میں استعمال کے حوالے سے اس کی اجازت کچھ زیادہ مشکل ثابت نہیں ہونی چاہیے۔

یعنی امید کی جاسکتی ہے کہ آئندہ چند برسوں کے دوران بلڈ پریشر کی یہی دوا عمر رسیدگی سے بچنے اور ’’لمبی عمر پانے‘‘ کےلیے بھی استعمال کی جارہی ہوگی۔

اس تحقیق کی تفصیلات آن لائن ریسرچ جرنل ’’بایوجیرونٹولوجی‘‘ کے تازہ شمارے میں شائع ہوئی ہیں۔

بشکریہ ایکسپریس نیوز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں