151

جنوبی افریقا نے آکسفورڈ یونیورسٹی کی کورونا ویکسی نیشن روک دی

کیپ ٹاﺅن: جنوبی افریقا میں آسٹرا زینیکا اور آکسفورڈ یونیورسٹی کی تیار کردہ ویکسین کا استعمال معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی افریقا میں فروری کے وسط میں شروع ہونے والی آکسفورڈ یونیورسٹی اور آسٹرازینیکا کی تیار کردہ کورونا ویکسین کی مہم کو روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔

برطانوی اور سویڈش دوا ساز کمپنیوں کی کورونا ویکسین کو روکنے کا فیصلہ ملک میں 2 ہزار افراد پر جاری ٹرائل میں نمایاں نتائج نہ دینے پر کیا گیا ہے۔ ویکسین جنوبی افریقا میں سامنے آنے والے کورونا کی نئی قسم کے خلاف بھی بہت زیادہ کارگر ثابت نہیں ہوئی۔
اس حوالے سے جنوبی افریقا کے وزیر صحت زولی میخیز کا کہنا تھا کہ یہ ویکسین اُس وقت تک نہیں لگائی جائے گی جب تک سائنس دان اس کی افادیت پر مکمل اعتماد کا اظہار نہیں کرتے، تب تک ہم کسی اور ویکسین کو استعمال کریں گے۔

وزیر صحت زولی میخیز کا مزید کہنا تھا کہ کمپنی آسٹرا زینیکا نے بھی پہلے ہی تسلیم کیا تھا کہ یہ ویکسین جنوبی افریقا کے نئے وائرس کے خلاف محدود تحفظ فراہم کرتی ہے۔

خیال رہے کہ جنوبی افریقا میں کورونا وائرس کی نئی شکل B.1.351 سامنے آئی تھی جو پرانی تمام اقسام سے زیادہ متعدی ہے یعنی یہ معاشرے میں بہت تیزی سے پھیلتی ہے تاہم اس کے زیادہ ہلاکت خیز ہونے کے شواہد نہیں ملے تھے۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقا نے آسٹرازینیکا اور آکسفورڈ یونیورسٹی کی کورونا ویکسین کی 10 لاکھ خوراکیں منگوائی تھیں اور رواں ماہ ویکسی نیشن کا آغاز ہونا تھا تاہم اب فائزر اور جانسن اینڈ جانسن کی کورونا ویکسین استعمال کی جائے گی۔

بشکریہ ایکسپریس نیوز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں