179

کورونا وائرس کی متعدد اقسام سے بچانے والی اینٹی باڈی دریافت

واشنگٹن: امریکی سائنسدانوں نے ایک ایسی اینٹی باڈی دریافت کی ہے جو حالیہ کووِڈ 19 وائرس کی متعدد اقسام سے حفاظت کرسکتی ہے، اب تک اسے چوہوں میں کامیابی سے آزمایا جاچکا ہے۔

سینٹ لوئی، میسوری میں واشنگٹن یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن سے وابستہ ماہرین کی یہ تحقیق آن لائن ریسرچ جرنل ’’امیونولوجی‘‘ کے تازہ شمارے میں شائع ہوئی ہے۔

اس حوالے سے متعلقہ پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ یہ اینٹی باڈی کووِڈ 19 وائرس (سارس کوو 2) کی سطح پر موجود ایک ایسی نوک (spike) کو جکڑ لیتی ہے جو نہ صرف اس وائرس کے انسانی خلیوں میں داخل ہونے میں مددگار ہوتی ہے بلکہ کم و بیش یکساں بھی رہتی ہے۔
یعنی یہ اسپائک، کووِڈ 19 وائرس کے تقریباً تمام ویریئنٹس (اقسام) میں یکساں ہے جسے کامیابی سے جکڑنے والی اینٹی باڈی اس وائرس کی متعدد اقسام سے بیک وقت تحفظ فراہم کرسکتی ہے۔

ناول کورونا وائرس کے خلاف مؤثر ترین اینٹی باڈی تلاش کرنے کےلیے سائنسدانوں نے مخصوص انسانی خلیوں سے بننے والی ایسی 43 اینٹی باڈیز شناخت کیں جو بطورِ خاص وائرس اسپائک پر حملہ آور ہوتی ہیں۔

ان میں سے 9 اینٹی باڈیز نے پیٹری ڈش میں افزائش کیے گئے انسانی خلیوں میں کووِڈ 19 وائرس کے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

جب یہ اینٹی باڈیز چوہوں پر آزمائی گئیں تو معلوم ہوا کہ ان میں سے 2 اینٹی باڈیز ایسی تھیں جن کی کارکردگی کووِڈ 19 وائرس کی تقریباً تمام موجودہ اقسام (بشمول ڈیلٹا ویریئنٹ) کے خلاف بہت اچھی تھی۔

جب مزید تجربات کے ذریعے ان دونوں اینٹی باڈیز کا موازنہ کیا گیا تو معلوم ہوا کہ ’’سارس2-38‘‘ (SARS2-38) کہلانے والی اینٹی باڈی نے کووِڈ 19 کی چار خطرناک اقسام (الفا، بی-ٹا، گیما اور ڈیلٹا) کے علاوہ دو ابھرتی ہوئی نئی اقسام (کاپا اور آیوٹا) اور متعدد ایسی اقسام کو بھی بڑی کامیابی کے ساتھ پھیلنے سے روک دیا کہ جنہیں فی الحال کوئی باضابطہ نام نہیں دیا گیا ہے۔

سائنسدانوں نے تخمینہ لگایا ہے کہ ’’سارس2-38‘‘ اینٹی باڈی کی بہت کم مقدار بھی کورونا وائرس کی تقریباً تمام اقسام کی روک تھام میں مفید ثابت ہوگی۔

ماہرین نے یہ حساب بھی لگایا ہے کہ ہر 10,000 میں سے صرف 4 افراد ہی ایسے ہوں گے جنہیں شاید اس اینٹی باڈی سے فائدہ نہ ہو۔ البتہ اس اینٹی باڈی (سارس 38-2) کی صحیح افادیت تب ہی سامنے آئے گی جب اسے انسانوں پر آزمایا جائے گا۔

ماہرین کو اس اینٹی باڈی کے انسانی تجربات شروع کرنے کی اجازت کب تک ملے گی؟ فی الحال اس بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔

بشکریہ ایکسپریس نیوز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں